گھریلو صارفین کو فلیٹ ریٹ پر گیس فراہم کرنے سے بہت ساری آسانیاں پیدا ہو سکتی ہیں، سید ظہورآغا

کوئٹہ(گرین گوادر نیوز)گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے بلوچستان بالخصوص صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں گیس کے صارفین کی اوور بلنگ اور پریشر کی کمی کے حوالے سے تمام شکایات کا جلد از جلد ازالہ کرنے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ گیس کے گھریلو صارفین کو فلیٹ ریٹ پر گیس فراہم کرنے سے بہت ساری آسانیاں پیدا ہو سکتی ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ اس حوالے سے ایک جامع حکمت عملی وضع کی جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں صوبائی محتسب بلوچستان نذر بلوچ کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر جنرل منیجر سوئی سدرن گیس کمپنی مدنی صدیقی اور وفاقی محتسب کے ایڈوائزر سرور براہوی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندے بھی موجود تھے. گورنر بلوچستان کی موجودگی میں نمائندہ افراد نے اپنی شکایات درج کروائیں اور اپنے مطالبے بھی پیش کیے. اس کے بعد جنرل منیجر سوئی سدرن گیس کمپنی مدنی صدیقی نے تفصیل سے جوابات دیئے اور گورنر بلوچستان کو حال ہی میں گیس کمپنی کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا. گورنر بلوچستان نے کہا کہ گیس سہولت کی فراہمی اور صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پائپ بچھانے کے کام کی رفتار تیز کی جائے تاکہ عوامی شکایات کا ازالہ بروقت ممکن ہوسکے.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے