حکومت صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، ضیاء لانگو
کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) عالمی یوم سیاحت کے حوالے سے صوبائی وزیر داخلہ کا پیغام وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ سیاحت کا فروغ ہر دور میں ناگز یر رہاہے کیونکہ سیاحت سماجی، ثقافتی اور اقتصادی حالات پر براہ راست اثر اندا ز ہوتی ہے۔صوبائی حکومت مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی اور سیاحت کو بطور صنعت ترقی دینے کے لیے کوشاں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم سیاحت کے حوالے سے یہاں سے جاری خصوصی پیغام میں کیا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان چند ممالک میں ہوتا ہے جو ایڈونچر ٹورازم،قدرتی خوبصورتی، مذہبی سیاحت اور تاریخی مقامات سے مالامال ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا ہرضلع اپنی مِثال آپ ہے جہاں ہر قسم کا لینڈ اسکیپ ملتا ہے۔قلات اور ہرنائی ڈویژن سیاحت کے حوالے سے خصوصی استعداد رکھتے ہیں جنکے متعدد سیاحتی مقامات مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔ضیالانگو نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے جس میں پالیسیوں میں اصلاحات اور نئے سیاحتی مراکزمتعارف کرانا اہمیت کے حامل ہیں۔سیاحتی صنعت سے وابستہ تمام افراد کے ذرائع آمدن میں اضافے کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ نہ صرف پہلے سے موجود سیاحتی مقامات کو ترقی دی جا رہی ہے بلکہ متعدد نئی سائیٹس کی نشاندھی بھی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاحت نہ صرف انٹر ٹینمنٹ کا ذریعہ ہے بلکہ یہ ثقافتی اور سماجی روابط کے استحکام اور معیشت و روزگار کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔