تاج بی بی بلوچ کی شہادت قابل مذمت ہے، شکیلہ نوید دہوار
کوئٹہ (گرین گوادرنیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی کی رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے آپسر میں بلوچ خاتون کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تاج بی بی کی شہادت بلوچ نسل کشی پالیسیوں کا تسلسل ہے، واقعہ کی غیر جانبدارنہ تحقیقات کرائی جائے۔ اپنے جاری مذمتی بیان میں رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے سیکورٹی فورسز کی فائرنگ سے تاج بی بی کی شہادت کو بلوچستان میں عشروں سے جاری نسل کشی و جارحانہ پالیسیوں کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہاکہ آپسر شاہ آباد میں سیکورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے تاج بی بی بلوچ کی شہادت قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہاکہ آپسر میں ہونے والے حالیہ واقعہ سے قبل بلوچ نوجوان حیات بلوچ، ملک ناز، کلثوم، کیدگ بلوچ اور دیگر کئی خواتین بلوچ نوجوانوں کا لہو ابھی تازہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اس ذہنیت کو تبدیل کیا جائے جو بلوچ نسل کشی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں، شکیلہ نوید دہوا رنے آپسر واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچ خاتون کے قتل سمیت دیگر واقعات میں ملوث افراد کو قرار واقعی کی سزا دی جائے۔