بلوچستان کی معاشی ترقی میں زراعت کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، زمرک خان اچکزئی

کوئٹہ (گرین گوادرنیوز) صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی معاشی ترقی میں زراعت کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جبکہ آبادی کا ایک بڑا حصہ زراعت کے شعبہ سے وابستہ ہے، شعبہ زراعت میں جدت لانے اورماڈرن ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف پیدواری صلاحیت میں غیر معمولی اضافہ ممکن ہے بلکہ اس سے روزگار کے وسیع مواقع میسر آتے ہیں، صوبائی حکومت زراعت کے فروغ کے لئے کسانوں کی باہمی مشاورت سے اقدامات اٹھارہی ہے،اچھے زرعی اصولوں پر عمل درآمد کرنے سے غربت میں نمایاں کمی آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کی تنظیم برائے صنعتی ترقی (United Nations Industrial Development Organization)کے زیر اہتمام پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو اچھے زرعی اصولوں سے روشناس کرانا اور ان کی تربیت کرنا انتہائی ضروری ہے اور اس سلسلے میں بلوچستان حکومت محدود وسائل کے باوجود اقدامات اٹھارہی ہے تاہم کسانوں کی تربیت کا کام اقوام متحدہ کی تنظیم برائے صنعتی ترقی کی باہمی تعاون سے مزید بہتر طریقے سے کیا جاسکتا ہے اور حکومت بلوچستان اس سلسلے میں ہرممکن تعاون فراہم کریگی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت زراعت کے شعبے میں اہم اقدامات اٹھارہی ہے،جن میں کولڈ سٹور کا بنانا، پکی نالیوں کا بنانا، کسانوں میں انگور، پستہ اور زیتون کے درختوں کی تقسیم شامل ہے۔ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ فورم سے متعلق انہوں نے کہا کہ یہ فورم بلوچستان کے لیے بہت خوش آئند ہے اور ہمیں اس فورم سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے، انہوں نے اقوام متحدہ کی تنظیم برائے صنعتی ترقی کا شکریہ ادا کیا،جنہوں نے محکمہ زراعت کی اچھے انداز میں رہنمائی اصول بنانے میں مدد کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے