ناراض گروپ کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے، عبدالخالق ہزارہ
کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئر مین وزیراعلیٰ کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان عبدالخالق ہزارہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر ناراض گروپ کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی،ساتھیوں کے خدشات اور تحفظا ت کو سن کر انہیں دور کیا جائیگا، یہ بات انہوں نے ایوب اسٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، عبدالخالق ہزارہ نے کہا کہ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی حکومت کا حصہ ہے اور حکومت کی نمائندگی کر رہا ہوں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاست میں اتار چڑھاؤ آتے رہے ہیں صوبائی اور مرکزی حکومتوں میں ایسے حالات آتے رہے ہیں انشاء اللہ گزشتہ شب کی پیش رفت کے بعد ہم پر امید ہیں کہ وزیراعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہوگی انہوں نے کہا کہ ساتھیوں کے چھوٹے موٹے خدشات اور گزارشات ہیں جن پر بھر پور توجہ دیکر حل کیا جائیگا