طلباء ملازمت کیلئے نہیں معاشرے کی خدمت کیلئے تعلیم حاصل کریں ، نوابزادہ لشکری رئیسانی

کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) بلوچستان پیس فورم کے سربراہ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ نوجوان نوکری کیلئے نہیں معاشرے کی خدمت، اپنے لوگوں کو بحران سے نکالنے کیلئے تعلیم حاصل کرنے کو ترجیح دیں، سیاسی جماعتیں، طلباء تنظیمیں، سول سوسائٹی سمیت تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد بلوچستان کے لوگوں کو محکومی سے نکالنے کیلئے اپنا تعلق کتاب اور لائبریری سے جوڑ کر تعلیم کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادار کریں۔یہ بات انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج سریاب کے دورے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر انہوں نے کالج کی لائبریری کیلئے کتابیں عطیہ کرنے کا بھی اعلان کیا، قبل ازیں کالج پہنچنے پر کالج کے پرنسپل پروفیسر محمد حسین بلوچ ودیگر اساتذہ نے ان کا استقبال کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کالج انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی کہ وہ کالج کے سفیر بن کر ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 1978ء میں وہ گورنمنٹ ڈگری کالج میں زیر تعلیم رہ چکے ہیں یہاں آکر کالج کے نظم وضبط، معیار تعلیم کو دیکھ کر حوصلہ ملا ہے کہ ہمارے درمیان ایسے لوگ موجود ہیں جو اپنے معاشرے اور سرزمین کو ایک بہت بڑے بحران سے نکا لنے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سریاب جیسے پسماندہ علاقے کو بیورکریٹس، تعلیم یافتہ افراد، اساتذہ کی اشد ضرورت ہے وہ بچے جو یہاں سے تعلیم حاصل کررہے ہیں انہیں چائیے کہ وہ اپنے رشتہ داروں، علاقے کے لوگوں کو تعلیم فراہم کرکے ایک مہذب اور تہذب یافتہ سماج کی تشکیل میں اپنا کردار ادار کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے سماج کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کیلئے ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرنا چائیے والدین بچوں کو تعلیم فراہم کرنے کیساتھ ان کی تربیت بھی کریں کہ جس ادارہ میں وہ تعلیم حاصل کرنے جارہے ہیں اس کے تقدس کا احترام کریں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں وہ قومیں جنہوں نے تعلیم پر توجہ دی وہ ترقی کے منازل طے کررہی ہیں مگر ہم آج بھی یہاں پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارئے سماج کو اس وقت سیکورٹی کی صورتحال، پانی، صحت، تعلیم جیسے بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے ایسے میں سماج کو ان بحرانوں سے نکالنے کیلئے خود احتسابی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے ملک میں جہاں بے روزگاری انتہاء پر ہے 70 لاکھ افراد منشیات کے عادی ہیں لوگ بدترین دہشت گردی کی لہر سے گزررہے ہیں، وسائل پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے، ٹی بی، پولیو جیسے موزی وبائی امراض سے لوگ متاثر ہورہے ہیں وہاں ضرورت اس امر کی ہے کہ طلباء ملازمت کیلئے نہیں معاشرے کی خدمت کیلئے تعلیم حاصل کریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے