احتساب عدالت نے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر کوئٹہ کو 7سال قید اور 29کروڑ 73لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی
کوئٹہ:احتساب عدالت کوئٹہ نے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کا جرم ثابت ہونے پر اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر کوئٹہ شکر خان کو7سال قید اور 29کروڑ 73لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی ہے۔ عدالت نے ملزم کی ضمانت منسوخ کرکے جیل منتقل کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔احتساب عدالت کوئٹہ کے جج جناب منور احمد شاہوانی نے نیب بلوچستان کی تحقیقات اور ملزم کے خلاف ناقابل تردید ثبوتوں کی روشنی میں فیصلہ سنایا۔ نیب کی جانب سے ضمیر چھلگری نے کیس کی پیروی کی۔ نیب بلوچستان کی تحقیقاتی ٹیم نے ملزمان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیاتو معلوم ہوا کہ ملزم اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر کوئٹہ شکر خان نے پی آر سی سینٹر سریاب میں انچارج کی حیثیت سے کام کرتے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں گندم کی بوریوں میں خرد برد کی جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔نیب بلوچستان ملزمان کے خلاف تحقیقات مکمل کرکے ریفرنس احتساب عدالت میں جمع کرادیا تھا۔ جس پر معزز احتساب عدالت کوئٹہ نے فیصلہ سناتے ہوئے ملزم شکر خان کو قید و جرمانے کی سزا سنادی ہے۔عدالت کے فیصلے اور نیب کے قانون کے مطابق ملزم دس سال کے لئے کسی بھی عہدے کے لئے نا اہل تصور کیا جائے گا، ملزم کسی بھی بینک سے کسی قسم کا قرض اور مالی فائدہ نہیں حاصل کر سکے گا۔