حکومتی اقدامات تب تک کامیاب نہیں ہو سکتے جب تک عوام بھرپور تعاون نہ کرے، سید ظہورآغا

کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) گورنربلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات تب تک کامیاب اور موثر ثابت نہیں ہو سکتے جب تک عوام بھرپور تعاون نہ کرے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ معاشرے کے تمام باشعور افراد ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں جمعیت علمائے اسلام کے رہنما قاری ولی اللہ منصور کی قیادت میں قلعہ عبداللہ کا وفد سے ملاقات کے دوران کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ حکومتی کوششوں کے ساتھ ساتھ عوام کے سیاسی و سماجی رہنما بھی اپنے اپنے علاقے کی ترقی و خوشحالی اپنے حصے کا کردار ادا کریں. انہوں نے کہا کہ معاشرے میں دُکھی انسانیت کی خدمت ہی ذہنی سکون و اطمینان کا باعث ہے. وفد نے گورنر بلوچستان کو قلعہ عبداللہ اور چمن کے عوام کی مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ترقی یافتہ دور میں بھی علاقے کے عوام زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں. سرحدی تجارت کی بندش اور نادرا کا علیحدہ سینٹر نہ ہونے کی صورت میں علاقہ کے عوام کئی مشکلات سے دوچار ہیں. گورنر نے درپیش مشکلات اور مسائل کو غور سے سنا اور ان کے پائیدار حل کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی. بعدازاں رکن صوبائی اسمبلی مہ جبین شیران، ایم پی اے اور پارلیمانی سیکرٹری کیو ڈی اے مبین خان خلجی، صوبائی سیکرٹری صالح ناصر اور پی ٹی آئی کے ترجمان نارتھ تیمور خان کاکڑ نے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقات کی.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے