کابل ایئر پورٹ کے قریب دھماکہ، متعدد افراد زخمی

کابل ایئرپورٹ کے قریب زور دار دھماکہ ہوا ہے۔ دھماکے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق کابل ایئر پورٹ کے مشرقی گیٹ پر دھماکہ ہوا اور بعد میں فائرنگ کی آواز بھی سنی گئی ہے۔امریکی وزارت دفاع کے ترجمان جان کربی نے بھی دھماکے کی تصدیق کی ہے۔ جان کربی کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی تعداد کے متعلق فی الحال کچھ نہیں بتایا جاسکتا۔

خیال رہے کہ کابل ایئر پورٹ پر حملے کی اطلاعات موجود تھیں۔ برطانوی وزیربرائے آرمڈ فورسزجیمزہیپی نے خدشہ ظاہر کیا تھا حملہ ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کابل ایئر پورٹ پر ہینڈلنگ سینٹر میں موجود افراد کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ وہاں سے انخلا کا عمل جلد ختم کیا جائے۔

وزیربرائے آرمڈ فورسز نے کہا کہ افغانستان میں غیرمحفوظ افراد کی حفاظت یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ افغانستان سے برطانیہ کی آخری پرواز کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتے۔

خیبر ایجنسی کے مطابق برطانیہ اب تک 12 ہزار سے زائد افراد کو افغانستان سے نکال چکا ہے۔ چند روز قبل امریکا نے بھی خبردار کیا تھا کہ کابل ایئرپورٹ پر حملے کا خدشہ ہے۔

تمام ممالک نے افغانستان میں موجود اپنے باشندوں کو کابل ایئرپورٹ سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ صرف ان امریکیوں کو سفر کرنا چاہیے جنہیں انفرادی طور پر وہاں جانے کو کہا گیا ہے۔

امریکی حکام نے کہا کہ کابل کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور متبادل راستوں پر غور کر رہے ہیں۔ قطر کے حکام کا کہنا تھا کہ آپریشن کے آغاز سے اب تک 7 ہزار سے زائد افراد کو دوحہ لایا گیا۔ ساڑھے 8 ہزار سے زائد مسافروں نے متحدہ عرب امارات کے راستے سفر کیا۔امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے مطابق گزشتہ ہفتے ڈھائی ہزار امریکیوں سمیت 17 ہزار افراد کا افغانستان سے انخلا کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے