امن وامان کی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان

کوئٹہ :وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت صوبے میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، چیف سیکرٹری بلوچستان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس بلوچستان، سیکریٹری خزانہ، سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر کوئٹہ ڈویژن، ایڈیشنل سیکرٹری قانون، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور ڈی آئی جی سپیشل برانچ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پولیس بلوچستان کی جانب سے صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے سے متعلق پلاننگ اورلائحہ عمل تیار کیا گیا ہے اجلاس کو صوبے میں غیر ملکی شہریوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے اقدامات پر بھی تفصیلی بھی بریف کیا گیا۔اجلاس کو شرپسندوں اور تخریب کار عناصر کے قلع قمع کے لئے لے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ سیکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنانے کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ دشمن ہمیں غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے اور ہم صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ایک موثر بیانیہ تشکیل دینے کی ضرورت ہے اور حکومت کا کام بھی عوام کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ گزشتہ سالوں میں صوبے میں سکیورٹی کی مجموعی صورتحال بہتر ہونے سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملا ہے وزیر اعلی نے اس موقع پر سیکیورٹی صورتحال سے متعلق ضروری فائل ورک ترجیحی بنیادوں پر تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے