افغان پاپ سنگر آریانہ سعید بھی افغانستان چھوڑ گئیں
کابل: افغان پاپ سنگر آریانہ سعید امریکی فوجی طیارے کے ذریعے افغانستان سے نکلنے میں کامیاب ہوگئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کابل پر طالبان کے کنٹرول کے بعد افغانستان سے اب تک تقریباً 12 ہزارغیر ملکیوں سمیت سفارت خانوں اور این جی اوز میں کام کرنے والے افغان باشندوں کی بڑی تعداد افغانستان چھوڑ چکی ہے اور یہ افراد امریکہ اور برطانیہ کے فوجی طیاروں کے ذریعے کابل سے نکل رہے ہیں۔
ایسے ہی لوگوں میں افغان پاپ سنگر آریانہ سعید بھی شامل ہیں جوکہ امریکی فوجی طیارے کے ذریعے افغانستان سے نکلنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ایک پوسٹ میں آریانہ نے امریکی فوجی طیارے میں بیٹھے ہوئے اپنی تصویر شیئر کی اور بتایا کہ میں گذشتہ چند ناقابل یقین راتوں کے بعد زندہ ہوں اور بخیریت دوحہ پہنچ چکی ہوں اور اب استنبول میں اپنے گھر جانے کے لیے فلائٹ کا انتظار کررہی ہوں۔