یوم عاشورہ مذ ہبی جوش وجذبے اور عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جائے گا، بشریٰ رند
کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات بشریٰ رند نے یوم عا شورہ کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یوم عا شورہ نواسہ رسولﷺ حضرات امام حسین ؓ اور ان کے رفقاء کی میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاددلا تا ہے۔جب حضرت امام حسین ؓ اور ان کی سا تھیوں نے اسلام کی بقاء کیلئے اپنی جانوں کا نذ رانہ پیش کرکے ایسی مثال قائم کی جس کی رہتی دُنیا تک حق اور باطل کے درمیان واضح حد قائم کردی ہے۔ جس پر پوری اُمت مسلم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اعلیٰ وارفع مقاصد،استقا مت اور حق کیلئے کسی قربا نی سے دریغ نہیں کرنا چائیے۔ شہادت امام حسین ؓ نے پوری دُنیا پر یہ بات عیاں کردی ہے کہ باطل جب بھی حق سے ٹکرایا ہے تو نیست ونابود ہوا ہے۔ محترمہ بشریٰ رند نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓ کی قربانی اُمت مسلمہ سے تقاضاکرتی ہے آپس کے ملکی اور چھوٹے چھوٹے اختلافات کو پس وپشت ڈال کر اسلام کے عظیم مقصد کیلئے ایک جان ہو جائیں انہوں نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں یوم عاشورہ مذ ہبی جوش وجذبے اور عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ یوم عاشورہ کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکنا ہیں جلوس اور مجالس کے حوالے سے بھی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں کورونا وائرس کے حوالے سے جو ایس اوپیز جاری کئے گئے ہیں توقع ہے ان احتیاطی تدابیر پرعمل درآمد کیا جائے گا۔