500ملین روپے اقلیتوں کی فلاح وبہبود کیلئے رکھے گئے ہیں، بشریٰ رند

کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات بشریٰ رند نے عالمی یوم اقلیت پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اقلیتی اقوام بھی ہمارے معاشرے اور سماج کا حصہ ہے ان کے بھی اتنے ہی حقوق ہیں جتنے دیگر شہریوں کے ہیں اُنہوں نے کہاہے کہ سب شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں اور اس معاملے میں مذہب اور رنگ ونسل کی بنیاد پر کسی سے امتیازی سلوک نہیں روا رکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہمارا اسلامی معاشرہ ہے اسلام ہی سب سے زیادہ انسانی حقوق کے تحفظ کا ضامن ہے اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے دین اسلام کی بہت واضح ہدایات ہیں۔جس پہ ہمیں عمل کرنے کی ضرورت ہے۔عالمی یوم اقلیت کا دن دُنیا بھر میں منانے کا بنیاد ی مقصد لوگوں کو ان کے حقوق کے بارے میں آگہی دینا اور حکومتوں کویہ باور کرونا ہے کہ وہ اپنے تمام شہریوں کو بلا امتیاز ان کے حقوق فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ساری دُنیا یہ جان گئی ہے کہ اگر ایک دوسرے کے حقوق کا خیال نہیں رکھیں گے تو یہ دُنیا سمٹتی چلی جائے گی پاکستان خصوصاً بلوچستان میں انسان حقوق کو موثر بنانے کیلئے تندہی سے کام کیا جارہاہے ایک دوسرے کا خیال رکھنا اور حقوق کو تحفظ دنیا ہم سب کی ذمہ داری اور اخلاقی فرض ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں صوبائی حکومت صوبے بھر کی یکساں بنیادوں پر ترقی کے ساتھ ساتھ اقلیتی برادری کی فلاح وبہبود کیلئے بھی اقدامات اُٹھا رہی ہے بجٹ 2021-22میں 500ملین روپے اقلیتوں کی فلاح وبہبود کیلئے رکھے گئے ہیں اور اس ضمن میں مذید بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے