شرپسند عناصر صوبے کی پرامن فضاء کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں ، سینیٹر ثمینہ ممتاز
کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ شرپسند عناصر صوبے کی پرامن فضاء کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں جس کے لئے وہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں کرتے ہیں لیکن ان کی یہ کارروائیاں ہمارے عزم و حوصلے کم نہیں کر سکتیں انہوں نے کوئٹہ میں ہونے والے پولیس وین پر بم حملے اور سریاب روڈ پر پرچم فروخت کرنے والے دکاندار پر دستی بم حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ دہشت گردی کی ان بزدلانہ کارروائیوں سے دشمنوں کے عزائم عیاں ہیں دہشت گرد کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے ملک دشمن قوتیں بلوچستان کی ترقی اور امن و امان کی تیزی سے بہتر ہوتی صورتحال سے خائف ہیں لیکن دہشت گردی کے واقعات ہمارا حوصلہ پست نہیں کر سکتے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم نے تخریب کاری کے خلاف کامیاب جنگ لڑی ہے اور تخریب کاروں کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے ہیں اور آئندہ بھی ان کے مذموم مقاصد پورے نہیں ہونے دیئے جائیں گے انہوں نے پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسزکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورسزکی عوام اور ملک کی حفاظت کے لئے قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کے پیچھے ملک دشمن عناصر اور ان کے زرخرید غلام کارفرما ہیں۔ انہوں نے بم دھماکوں کے شہداء اور زخمیوں کے اہل خانہ سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔