پیپلزپارٹی جب بھی برسراقتدار آئی ہےعوام کو روزگار دیا، بلاول بھٹو

کراچی:پاکستان پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان یا تحریک انصاف کے دیگر رہنما سندھ میں آئیں جلسے کریں، لیکن یاد رکھیں سندھ نہیں اب تو پورے ملک کی عوام انہیں جان چکے ہیں، آئندہ انتخاب میں عوام دشمن ناکام حکمرانوں کو عوام مسترد کردیں گے، مخالفین پیپلز پارٹی سے خوفزدہ ہیں ہمارے مخالف اتحاد بنائے جارہے ہیں تاکہ پیپلزپارٹی کا مقابلہ کرسکیں ماضی میں بھی مخالف اتحاد ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں اور آنے والے بلدیاتی انتخابات ہوں یا عام انتخابات عوام پیپلزپارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرا کر یہ ثابت کردیں گے کہ پیپلزپارٹی آج بھی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، پیپلزپارٹی مخالف اتحادوں سے گھبرانے والی نہیں ہے ہمارے سب سے بڑے اتحادی عوام ہیں عوام کے ووٹ کی طاقت سے اقتدار میں آئیں گے پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت اور منتخب نمائندوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس مہنگائی، بے روزگاری اور مشکلات میں گھری عوام کا بھرپور ساتھ دیں سکھرسمیت پورا پاکستان پیپلزپارٹی کا ہے۔وہ گزشتہ روزپیپلزپارٹی سکھر کے رہنما سابق مئیر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ سے ملاقات میں بات چیت کررہے تھے۔اس موقع پر سابق میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی کی جانب سے معاون خصوصی وزیراعلی سندھ کے اہم عہدے پر فائز کرنا میرے لئے باعث فخر ہے، میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ویژن اور پالیسیز کے مطابق اس اہم ذمہ داری کو انتھک محنت، دیانتداری اور پوری وفاداری کیساتھ نبھانے کی یقین دہانی کرواتا ہوں، پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور میں بطور معاون خصوصی پارٹی مشن کو آگے بڑھاؤں گا، شہری مسائل کا حل اور عوام کی ترقی میری اولین ترجیح ہوگی۔ ملاقات میں پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ آپ پارٹی قیادت کی توقعات کے مطابق اپنے فرائض احسن انداز سے انجام دیتے ہوئے عوام کی خدمت کریں گے، انہوں نے کہاکہ آج کراچی سے کشمیر تک پیپلزپارٹی کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ عوام جانتے ہیں کہ پیپلزپارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو اس ملک کے مزدورں کسانوں اور غریب عوام کی جماعت ہے، پیپلزپارٹی جب بھی برسراقتدار آئی ہے ہم نے عوام کو روزگار دیا غریب محنت کشوں کو چھت دی مہنگائی کو کنڑول کیا غریبوں کی فلاح و بہبود ترقی و خوشحالی کے لئے منصوبے بنائے، ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، آج عوام موجودہ ناکام حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے مایوس ہو کر پیپلزپارٹی کی جانب دیکھ رہے ہیں کیونکہ عوام جانتے کہ پیپلزپارٹی ہی وہ جماعت ہے جو عوام کی حقیقی معنوں میں ترجمانی کرتے ہوئے عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرتی ہے پیپلز پارٹی کی کے ذمہ داران عوامی رابطہ مہم تیز کریں اور موجودہ کورونا کی صورتحال میں ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھیں اور عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے