صوبائی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے،کاسی قومی اتحاد کے چیئرمین ارباب ناصر حیدرکاسی

کوئٹہ(گرین گوادر نیوز)کاسی قومی اتحاد کے چیئرمین ارباب ناصر حیدرکاسی کی قیادت میں جمعرات کو کاسی قومی اتحاد کے کارکنوں نے ملک عبیداللہ کاسی کے قتل کے خلاف ائیر پورٹ روڈ کو عالمو چوک کے قریب ٹائر جلاکر ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیاجس کے باعث سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی لائنیں لگ گئیں۔ احتجاجی مظاہرے سے کاسی قومی اتحاد کے چیئرمین ارباب ناصر حیدرکاسی،کاسی یوتھ فورس کے چیئرمین ملک ضرار کاسی، ملک ایمل کاسی، ملک صبور کاسی،ارباب حمید کاسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے اسے عوام پر حکمرانی کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک عبیداللہ کاسی کو 26جون کو دن دیہاڑے کلی کتیر کے قریب سے نامعلوم افراد اغواء کرکے لے گئے 40دن گزرنے کے باوجود پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے ادارے مغوی کو بازیاب کرانے میں ناکام رہے جس پر اغواء کاروں نے ملک عبیداللہ کاسی کو بے دردی سے قتل کردیا جس کی کاسی قومی اتحاد شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں اغواء برائے تاوان ایک منافع بخش کاروبار کی صورت اختیارکرچکا ہے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اغواء کاروں کو گرفتار کرنے میں ناکام رہے ہیں جس سے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاسی قومی اتحاد ملک عبیداللہ کاسی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ ملک عبیداللہ کاسی کے اغواء اورقتل میں ملوث ملزمان کوفوری طور پر گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے بصورت دیگر کاسی قومی اتحاد کوئٹہ سمیت بلوچستان بھرمیں احتجاجی مظاہرے اور قومی شاہراہوں کو ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کرنے پر مجبور ہوگا جس کی تمام ترذمہ داری صوبائی حکومت اورپولیس پرعائد ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے