جیکب آباد، مسلح افراد کی فائرنگ سے 1 شخص جاں بحق
جیکب آباد (گرین گوادرنیوز) جیکب آباد کی تحصیل گڑہی خیرو میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل گڑہی خیرو کے گاؤں میر دادمحمد لوہر میں نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں گھس کر 45 سالہ علی گوہر مگسی کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے، اطلاع پر حدود کی گڑہی خیرو پولیس نے پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لیے تعلقہ اسپتال منتقل کیا جہاں لاش ضروری کاروائی کے بعد ورثہ کے حوالے کی گئی، پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ بلوچستان کے علاقے جھل مگسی میں زمین کے معاملے پر جاری تنازعے کا شاخسانہ ہے اور مقتول کو اپنے ہی قریبی رشتے داروں نے قتل کیا ہے، مقتول اسی تنازعہ کی وجہ سے 3 سال قبل اپنے خاندان سمیت جھل مگسی سے نقل مکانی کرکے گڑہی خیرو آکر رہائش پذیر ہوا تھا۔