گوادر میں پلاٹوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے خلاف نیب ریفرنس دائر
کوئٹہ : کوئٹہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے 581 پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ پر گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (گیڈا) کے چند سینئر افسران کے خلاف تحقیقات کے بعد ریفرنس دائر کر دیا نیب کے مطابق پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔
نیب نے کوئٹہ کی احتساب عدالت میں دائر کردہ ریفرنس میں گیڈا کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر احسن محبوب، جنرل منیجر وقاص احمد، جی ایم انڈسٹریز شاہد اور ندیم کھوسہ اور کنسلٹنٹ محمد اسلم شاہ کو نامزد کیا ہے ریفرنس میں کہا گیا کہ ملزمان نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کمرشل اور انڈسٹریل پلاٹوں کی اپنے دوست و احباب کو غیر قانونی الاٹمنٹ دی۔
تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ، جو ساحلی شہر میں صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے قائم کی گئی تھی، کی سرکاری زمینیں ان لوگوں کو الاٹ کی گئیں جن کا صنعت و تجارت سے کوئی واسطہ نہیں تھا نیب بلوچستان نے ملزمان کے خلاف مضبوط شواہد کی روشنی میں کوئٹہ کی احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا ہے خیال رہے کہ نیب بلوچستان نے گیڈا کے ان ہی عہدیداران کے خلاف پہلے ہی اتھارٹی میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا کیس احتساب عدالت میں دائر کر رکھا ہے۔