زیر زمین پانی کی سطح تشویشناک حد تک گر رہی ہے، سید ظہور آغا

کوئٹہ :گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ گرین ٹریکٹر سکیم ایک ایسا کسان دوست منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے نہ صرف زراعت کو فروغ ملے گا بلکہ اس سے مجموعی طور پر قومی پیداوار میں میں بھی اضافہ ہوگا.ملک وصوبے کے غریب کاشتکاروں اور زمینداروں کو گرین ٹریکٹر پر سبسڈی دینے سے زراعت سے وابستہ افراد کو ضروری سہولیات فراہم کرنے کی راہ ہموار ہوجائے گی.ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان گرین ٹریکٹر پروگرام کے حوالے سے منعقدہ افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر صدرپاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی، چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا سمیت صوبے بھر کے زمینداروں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی. گرین ٹریکٹر سکیم کے پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں زیر زمین پانی کی سطح تشویشناک حد تک گر رہی ہے اگر بروقت بڑے ڈیمز بنانے کیلئے اقدامات نہ اْٹھاے گئے تو لوگ مستقبل قریب میں نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو جائیں گے. انہوں نے کہا کہ ملک و صوبے کی معاشی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے. زمینداروں کو سستی بجلی کی فراہمی، معیاری بیجوں اور کھاد پر اعانت دینے سے نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ ہو سکتا ہے بلکہ غریب زمینداروں کو اپنی کاشتکاری سے زیادہ آمدنی بھی حاصل ہوگا. گورنر سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ ہمیں بلوچستان کے بعض اضلاع میں درختوں کی بیدریغ کٹائی کی روک تھام کیلئے مقامی آبادی کو گیس کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا. وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے قلات اور ڑوب میں علیحدہ علیحدہ نیشنل پارک قایم کرنے کے وفاقی منصوبہ لایق تحسین ہے. صوبے کی زرخیزی میں اضافہ کرنے کیلئے نیشنل پارکوں اور نرسریوں کی تعداد میں مزید اضافہ کی اشد ضروری ہے. انہوں نے کہا کہ زرعی پیداوار بڑھانے کیلئے جدید سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کریں. ہمیں احساس ہے کہ اس سال بارشوں کی کمی کی وجہ سے زراعت کا شعبہ براہ راست متاثر ہو رہا ہے تاہم موجودہ حکومت زمینداروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور ضروری سہولیات فراہم کرنے کا خواہاں ہے. انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں عوام کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ہمیں زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے، آبی ذخائر کو بہتر بنانے، عورتوں کی شرح اموات میں کمی لانے اور زچہ وبچہ کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے حکومتی اقدامات کے علاوہ ملکی اور بین الاقوامی اداروں کی مدد اور رہنمائی کی بھی اشد ضرورت ہے۔ موجودہ حکومت نے صوبہ بلوچستان کے دور دراز خصوصاً پسماندہ علاقوں میں خوراک اور غذائیت کے حوالے سے بھرپور عوامی مہم چلانے پر بھرپور توجہ مرکوز رکھی گئی ہے. زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے ہی خوراک کی قلت پر قابو پایا جاسکتا ہے.. گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کی کْل آبادی کا بڑا حصہ آج بھی زراعت اور لائیو سٹاک سے وابستہ ہے. اس یقین کے ساتھ کہ موجودہ حکومت کا گرین ٹریکٹر سکیم کا یہ کسان دوست زراعت کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا. آخر میں گورنر بلوچستان نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک اچکزئی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا آپ نے اپنی موجودگی سے آج کی پروقار افتتاحی تقریب کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے