اگر سندھ نے ایس او پیز پر عمل کیا ہوتا تو آج کراچی میں صورتحال سنگین نہ ہوتی، فواد چودھری
اسلام آباد: فواد چودھری نے کہا ہے کہ دنیا کچھ عرصہ پہلے مہلک وائرس کو شکست دینے کے قریب تھی، بھارت کی انتہا پسند حکومت کے اقدامات سے کورونا پھر پھیلنے لگا۔وفاقی وزیر وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں جب بنی نوع انسان کورونا وائرس کو شکست دینے کے قریب تھا، بھارت کی شدت پسند حکومت کے اقدامات ایک بار پھر ہمیں بیچ منجدھار لے آئے ہیں، ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلاؤ کے خلاف مودی حکومت کے ناکافی اقدامات کے باعث انسان دوبارہ وائرس کے رحم و کرم پر ہے۔
ادھر سندھ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے نفاذ پر ردعمل میں فواد چودھری نے کہا کہ مکمل لاک ڈاؤن کے حوالے سے وفاقی حکومت کی پالیسی واضح ہے، سپریم کورٹ بھی قرار دے چکی ہے کہ صوبے اس ضمن میں انفرادی فیصلہ نہیں کر سکتے، کووڈ پالیسی وفاق اور این سی او سی جاری کرتے ہیں، صوبے اس پر عمل درآمد کے پابند ہیں، اگر سندھ نے ایس او پیز پر عمل کیا ہوتا تو آج کراچی میں صورتحال سنگین نہ ہوتی۔