مکران ڈویژن کو قومی گرڈسسٹم سے منسلک کرنے کیلئے کام جاری ہے،منصوبہ پر تقریباً ساڑھے 17ارب روپے لاگت آئے گی جو 2023ء میں مکمل ہوگا، کیسکو

کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) نے وزارت توانائی (پاور ڈویژن) حکومت پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں صوبے میں برقی انفراسٹرکچرکی ترقی کیلئے کئی منصوبے شروع کردئیے ہیں جن پر تیزی سے کام جاری ہے اور اس سلسلے میں وزارت توانائی (پاور ڈویژن) نے کیسکو کو واضح احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ زیر تکمیل منصوبوں کو جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے۔اس وقت مکران ڈویژن کو ہمسایہ ملک ایران سے بجلی فراہم کی جارہی ہے جوکہ قومی برقی نظام (نیشنل گرڈسسٹم) سے منسلک نہیں ہے۔ ایران سے بجلی کی فراہمی میں تعطل پیش آنے سے مکران ڈویژن کے تینوں اضلاع تربت،گوادر اور پنجگور کاعلاقہ زیادہ متاثر رہتاہے۔ حکومت پاکستان نے چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی اہمیت کو مزید اُجاگر کرنے کیلئے اور مکران ڈویژن کے صارفین کی مشکلات کو مدنظررکھتے ہوئے صوبہ کے ساحلی علاقوں کو قومی گرڈسسٹم سے منسلک کرنے کیلئے ایک جامع منصوبہ بنایاہے اورقومی اقتصادی کونسل کمیٹی (ایکنک)سے منظوری کے بعد اس منصوبہ پر باقاعدہ طورپرکام شروع ہوچکاہے جس کے تحت گرڈاسٹیشنوں اور ٹرانسمیشن لائنوں کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے اس منصوبہ پر تقریباًساڑھے17ارب روپے لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ مارچ 2023ء کو پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ بلاشبہ مکران ڈویژن کو قومی گرڈسے منسلک منصوبہ کی تکمیل سے بجلی کے ترسیل کاایک متبادل اور مستحکم نظام وجود میں آئے گا جس سے تربت،گوادر اور پنجگور کے علاقوں کیلئے بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے گی۔علاوہ ازیں منصوبہ کی تکمیل سے مقامی کاروبار میں اضافہ، صنعتی اور زراعت کے شعبے کو فروغ ملنے کے بعد مکران ڈویژن کے لوگوں کامعیار زندگی بلند اور ترقی کے نئے دور کاآغاز ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے