ملک کے عوام پر سلیکٹیڈ طرز حکمرانی پر مشتمل جابر اور ظالم حکمران مسلط ہیں، مولانا عبدالواسع
پشین :جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ ملک کے عوام پر سلیکٹیڈ طرز حکمرانی پر مشتمل جابر اور ظالم حکمران مسلط ہیں، عوام کو ان بیرونی ایجنڈے پر کارفرما جعلی حکمرانوں سے نجات کیلئے پی ڈی ایم کے ہاتھ مضبوط کرنے ہوں گے پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں سلیکٹیڈ حکمرانوں سے نجات اور عوام کے مینڈیٹ کے تحت جمہور کی حکمرانی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ مستقبل میں پی ڈی ایم سب سے مضبوط اور موثر قوت کے طور پر ابھرے گی۔ باچاخان کے پیروکاروں نے بلوچستان میں غیر جمہوری حکمرانوں کا ساتھ دیکر شاہ سے زیادہ شاہ کا وفادار بننے کا کردار ادا کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشین میں استحکام جمیعت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس سے صوبائی جنرل سیکرٹری رکن قومی اسمبلی آغا محمودشاہ، ضلعی امیر مولانا عزیزاللہ حنفی، آراکین قومی اسمبلی مولانا کمال الدین، صلاح الدین ایوبی، آراکین صوبائی اسمبلی عبدالواحد صدیقی، اصغرخان ترین، سید عزیزاللہ آغا، سابق اسپیکر سید مطیع اللہ آغا، سید محمد آغا، محمدعظیم خان کاکڑ، ملک بازمحمد کاکڑ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ صوبائی امیر مولانا عبدالواسیع نے کہا کہ موجودہ سلیکٹیڈ حکمرانوں سے نجات دلانے کیلئے ملک کی حقیقی اور جمہوری قوتوں پر مشتمل اتحاد پی ڈی ایم کا قیام عمل میں لایاگیا، اور ملک میں حقیقی جمہوری نظام کے قیام کیلئے جمہوری قوتیں یکجا ہوئی ہیں، جب ہم نے جعلی حکمرانوں سے نجات کیلئے تحریک کا آغاز کیا تو ہمیں سینٹ کی چئیرمین سے لیکر بلوچستان حکومت دلانے کی آفرز ہوئیں لیکن ہم نے ان تمام آفرز کو ٹھکراکر اقتدار منتخب جمہوری لوگوں کے ذریعے چلانے کی ٹھان لی ہے، انہوں نے کہا کہ آج ملک پر وہ حکمران مسلط ہیں جن کے آقاوں نے ماضی میں علماء دیوبند کو شہید کیا اور لاکھوں عوام کو زندہ درگور کیا۔ آج انہی انگریزوں کے کاسہ لیس ہم پر مسلط ہیں جن کا ایجنڈہ تحفظ ناموس رسالت قانون کا خاتمہ اور اسرائیل کو تسلیم کرواکے ملک کو بیرونی آقاوں کے زیردست گروی رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے نظام کا واویلا کرکے عوام کی انکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک کی معیشت تباہ کرکے عوام پر بدترین مہنگائی مسلط کردی ہے، قیام پاکستان کے بعد کشمیر کا سودا کرنے کا اعزاز بھی موجودہ حکمرانوں کو حاصل ہوا، اب حالات یہاں تک پہنچ چکے ہیں کہ امن کے نام پر ملک کی ایٹمی اثاثے غیروں کے ہاتھ دینے کے خدشات بڑھ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم غیر جمہوری حکمرانوں سے نجات کا واحد راستہ ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارا واضح ایجنڈا ہے کہ ان غیرجمہوری عناصر سے نجات حاصل کرکے ایک جمہوری اور عوامی حکمرانی قائم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم پاکستان کے تمام جمہوری قوتوں کی مشترکہ پلیٹ فارم ہے جو غیر جمہوری اور سلیکٹیڈ حکمرانوں سے نجات اور ملک میں حقیقی جمہوری نظام کے قیام کیلئے معرض وجود میں آئی ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی موجودہ صوبائی حکومت کے پاس کوئی انتظامی اختیار نہیں، باریش وزیراعلی صرف کرپشن اور کمیشن کی بنیاد پر حکومت چلارہے ہے، انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایورڈ کے تحت بلوچستان کو چھ سو آرب روپے کی بجٹ فراہمی جمیعت علماء اسلام کی جدوجہد اور کاوشوں کا نتیجہ ہے ورنہ ماضی میں صرف 80 ارب روپے کی بجٹ پر اکتفا کیا جاتاتھا، اسلام آباد میں ہم نے موثر احجاج کرکے بلوچستان کو این ایف ایوارڈ کے تحت اپنا حق دلوایا، لیکن اب صوبائی سلیکٹیڈ حکمران صوبے میں باپ، دادا اور ماں پارٹیوں کے نام پر غیر منتخب اور غیر متعلقہ عناصر بجٹ کو ضائع کرنے کی کوششیں کررہے ہیں، جب ان اقدامات کے خلاف جمہوری طریقے سے احتجاج کیا گیا تو ہمارے ممبران اسمبلی کے اوپر بکتربند گاڑیاں چڑھاکر ان کو قتل کرنے کی سازش کی گئی۔ پھر الٹا ہمارے اپوزیشن آراکین کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی، انہوں نے کہا کہ باچاخان کے پیروکاروں نے اپنی تمام اخلاقی قدروں جمہوری اقدار کو پاوں تلے روند کر اسٹیبلشمنٹ کے حامی باپ کی حمایت میں ان سے ایک قدم آگے وفادار بننے کا کردار ادا کیا، ان کا کردار ملک کے جمہوری اقدار پر ایک دھبہ ہے۔ صوبے کے وسائل کی لوٹ کھسوٹ میں اے این پی کا وہی کردار ہے جو باپ جیسی غیرجمہوری گروہ کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں میں صوبے میں تمام اسکیمات کرپشن کی نذر کی گئی ہیں جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ گزشتہ تین سال کے عرصے میں صوبے میں کوئی قابل ذکر میگا پراجیکٹ تو درکنار کہیں کوئی تعلیمی ادارہ اور مرکز صحت بھی نہیں بنایاگیا، بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن ان غیر منتخب عناصر کے ہاتھوں بجٹ کے استعمال کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام کے ممبران اسمبلی کے فنڈز روک کر عوام کو تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور ترقی سے محروم رکھنے کے حربے استعمال کرنے سے عوام میں ہماری پذیرائی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، ہماری جڑیں عوام میں ہیں، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم خود ملک کے جمہوری قوتوں کی رہنماء اتحاد ہے، جو ملک کے مظلوم عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے ظلم اور جبر کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تمام عوام کی موثر پلیٹ فارم ہے