مکران ڈویژن میں بجلی کے سنگین بحران کی ذمہ دار ریاست ہے،ریاست نے ایران کو بجلی کی مد میں واجبات کی ادائیگی سے متعلق اب تک پالیسی تشکیل نہیں دی،نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی

کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ مکران ڈویژن میں بجلی کے سنگین بحران کی ذمہ دار ریاست ہے،ریاست نے ایران کو بجلی کی مد میں واجبات کی ادائیگی سے متعلق اب تک پالیسی تشکیل نہیں دی،مکران کے لوگوں کو درپیش مشکلات میں کمی لانے کیلئے پالیسی تشکیل دی جائے۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے مزید کہا کہ مکران ڈویژن کوہمسایہ ملک ایران بجلی فراہم کررہا ہے ایران نے بجلی کے بدلے پاکستان سے زرعی اجناس فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تاہم ریاست نے ایران کو بجلی کے بدلے اجناس فراہم کرنے کی پالیسی تشکیل نہیں دی جس کے نتیجے میں مکران کے لوگ شدید گرمی میں بلک رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ساتھ کالونی کی طرز کاسلوک روارکھا گیا ہے صوبے کے لوگوں کی سہولیات کے پیش نظر ایران کو بجلی کے بدلے اجناس فراہم کرنے کی پالیسی تشکیل نہیں دی جاتی جبکہ ایسٹ پنجاب کے لوگوں کی سہولیات کے پیش نظر کرتار پور کھول دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے واجبات کی عدم ادائیگی پر مکران ڈویژن کو بجلی کی فراہمی بند کردی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاست فوراً ایران کو واجبات کی ادائیگی کیلئے اقدامات اٹھاتے ہوئے ایران کو اجناس فراہم کرنے کی پالیسی تشکیل دے تاکہ نہ صرف مکران کے لوگ شدید گرمی میں ایران سے فراہم کی جانے والی بجلی سے استفادہ حاصل کریں بلکہ سالوں سے جاری یہ مسئلہ مستقل طور پر حل ہوجائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے