صوبے سے پولیو کا مکمل خاتمہ صوبائی حکومت کی اولین زمہ داری ہے،چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا

کوئٹہ :چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی زیرِ صدارت انسداد پولیو کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں گزشتہ انسداد پولیو مہم سمیت متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ بلوچستان ذاہد سلیم، ڈی آئی جی کوئٹہ اظہر اکرام، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عرفان میمن، ڈبلیو ایچ او، یونیسیف کے نمائندے جبکہ مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے سے پولیو کا مکمل خاتمہ صوبائی حکومت کی اولین زمہ داری ہے جس کے لئے حکومت اپنے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے پولیو وائرس کا خاتمہ ہوچکا ہے اور جلد اس کا خاتمہ پاکستان سے ہو جائے گا تاہم اس کے لئے متعلقہ اداروں، انتظامیہ اور تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا، چیف سیکرٹری نے والدین سے اپیل کی کہ پولیو کے خلاف جنگ میں ہمارا بھر پور ساتھ جاری رکھیں گے تاکہ صوبے اور ملک کو پولیو سے پاک بنا یا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ زراسی لاپرواہی سے ہمارے بچے زندگی بھر کے لیے معذور ہو سکتے ہیں اس موذی وائرس کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ انتظامیہ اسے اہم مشن سمجھ کر کردار ادا کریں – انہوں نے کہاکہ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کرحصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ چیف سیکرٹری نے پولیو کے خاتمے کے لیے مقامی انتظامیہ کے کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں مزید مربوط انداز میں ویکسینیشن کے عمل کو منطقی انجام تک پہنچائیں۔ قبل ازیں صوبائی کوآرڈینیٹر ای او سی راشد رزاق نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پچھلے سال پولیو کے 26 کیس رپورٹ ہوئے تھے جبکہ اس سال صورتحال کافی بہتر ہوئی ہے اور اب تک صوبے سے صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کی صحیح رپورٹنگ کے ساتھ ساتھ ویکسینیشن شدہ بچوں کا ڈیٹا مرتب کیا جائے۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئندہ بھی اسی جذبے سے پولیو کے تدارک کے لیے کردار ادا کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے