عید الالضحیٰ ہمیں دوسروں کے لئے قربانی و ایثار کا درس دیتی ہے، ثمینہ ممتاز
کوئٹہ (گرین گوادرنیوز) عید الالضحیٰ کے موقع پر قربانی کا مقصد ایک طرف تو حضرت ابراہیم ؑ اور ان کے فرزند حضرت اسماعیل ؑ کی اطاعت خداوندی میں دی جانے والی قربانی کو خراج تحسین پیش کرنا ہے اور دوسری جانب غریب، نادار،مستحقین، یتیموں، بیواؤں اور ضرورت مندوں کو خوشی پہنچانا ہے عید الاضحی کے موقع پر اپنی خوشیوں میں ارد گرد مستحقین اور ضرورت مندوں کا خاص خیال رکھیں ان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے عید کے موقع پر اپنے تہنیتی بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ عید الاضحی ہمیں دوسروں کے لئے قربانی و ایثار کا درس دیتی ہے انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر قربانی اطاعت اور بندگی کی اعلیٰ مثال ہے اور اس سے ہماری آمادگی ظاہر ہوتی ہے کہ ہم حکم خدا پر اپنی محبوب شے کو بھی قربان کرنے سے دریغ نہیں کرتے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ عید الاضحی کے مبارک موقع پر دعا کریں کہ امت مسلمہ تسبیح کے دانوں کی طرح ایک ہو جائے اورتمام مسلمان آپس کے اختلافات بھلا کر اسلام کی سربلندی کے لئے مل کر کام کریں اور کفار کی مذمو م چالوں کا بھرپور قوت سے جواب دیں انہوں نے کہا کہ عید کے اجتماعات میں اپنے پیارے وطن پاکستان کی سلامتی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کریں کہ ملک میں امن و سلامتی اور بھائی چارے کا بول بالا ہو اللہ تعالیٰ ہمارے وطن پاکستان کو اندرونی و بیرونی حاسدوں، شرپسندوں اور دشمنوں سے محفوظ رکھے اور اسے تاابد قائم رکھے