جام کمال خلوص نیت سے بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے د ن رات کوشاں ہیں، ثمینہ زہری
کوئٹہ (گرین گوادرنیوز) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ جام کمال خان خلوص نیت سے بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دن رات کوشاں ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان عوام کے مسائل پر حقیقی معنوں میں توجہ دے کر مسائل حل کرنے اور ان عوامی ترقیاتی منصوبوں کو تکمیل تک پہنچا کر عوام کو سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لئے حتیٰ الوسع کوششیں کر رہے ہیں جبکہ سابقہ ادوار میں بلوچستان کی ترقی و خوشحالی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کے نتیجے میں بلوچستان دوسرے صوبوں سے ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا تھا جس کا خمیازہ بلوچستانی عوام کو بھگتنا پڑا وزیراعلیٰ جام کمال خان نے بلوچستان کے عوام کی اس محرومی کے ازالے کے لئے بلوچستان کے کونے کونے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا ہے جس کے ثمرات عوام کو ملنا شروع ہو گئے ہیں صوبائی حکومت کی کوششوں سے عوام کو پینے کے صاف پانی، تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات عوام تک پہنچ رہی ہیں بلوچستان کے عوام نے نام نہادخیر خواہوں اورمفاد پرست لوگوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے جبکہ دوسری طرف وزیراعلیٰ جام کمال خان کے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کوسراہا جارہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ جام کمال خان نے بلوچستان کے عوام کے بہتر مستقبل کے لئے خلوص نیت سے دن رات کام کر کے اہل بلوچستان کے دل جیت لئے ہیں سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں بلوچستان ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہے اور وہ وقت دور نہیں جب بلوچستان امن و امان اور ترقی و خوشحالی میں سر فہرست ہو گا۔