غریب کو مہنگائی اور اشرافیہ کو ریلیف سے نوازا جا رہا ہے، شیری رحمٰن

اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینٹر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ عید سے پہلے ریلیف کے بجائے عوام پر مہنگائی کا بم گرایا گیا، حکومت نے گندم، چینی، آئل کی قیمتوں میں 53 فیصد مجموعی اضافہ کیا۔

جاری کیئے گئے ایک بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ مجموعی ہفتہ وار مہنگائی کی شرح پہلے ہی 12 اعشاریہ 75 فیصد تھی، غریب کو مہنگائی اور اشرافیہ کو ریلیف سے نوازا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب غریب یوٹیلٹی اسٹور سے بھی خریداری نہیں کر سکے گا، مافیا نے چینی کے بحران سے 230 ارب روپے بنائے شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ قیمتوں کا بوجھ غریب کی جیب پر پڑ رہا ہے، پہلی بار یوٹیلٹی اسٹورز کی سبسڈی غریب کو نہیں بلکہ مافیا کو جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز نے 40 ہزار ٹن چینی 90 روپے کلو کے حساب سے خریدی، اب یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی 68 کے بجائے 85 روپے کلو میں دستیاب ہو گی پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما و سینیٹر کا مزید کہنا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر 170 روپے کلو ملنے والا گھی اب 260 روپے کلو میں ملے گا۔

شیری رحمٰن کا یہ بھی کہنا ہے کہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 800 روپے سے بڑھا کر 950 روپے کر دیا گیا ہے، یہ ہے ریلیف؟ حکومت نے مہنگائی اور کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کیئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے