چین پاکستان اقتصادی راہداری خطے میں گیم چینجر کی حیثیت رکھتی ہے ، جام کمال

کوئٹہ (گرین گوادرنیوز) پاکستان کے صوبے بلوچستان اور عوامی جمہوریہ چین کے صوبے ہینان کو سسٹر صوبہ قرار دیاگیا ہے اس سلسلے میں حکومت بلوچستان اور ہینان صوبہ کے مشترکہ اشتراک سے منعقدہ ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور گورنر ہینان وانگ کائی نے لیٹر آف انٹنٹ پر دستخط کئے جس کے تحت دو طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت اکنامی، ٹریڈ، زراعت، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، کلچر، تعلیم کھیل، ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ اور ٹورزم کے شعبوں کی ترقی کیلئے تعاون فراہم کیا جائے گا۔ ویڈیو کانفرنس میں وفاقی وزیر دفاعی پیدوار محترمہ زبیدہ جلال، صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی، صوبائی مشیر نوابزادہ گہرام بگٹی،چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق سمیت دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے دونوں ملکوں کے درمیان مثالی دوستی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم سماجی و اقتصادی ترقی، عوام سے عوام کے تعلقات خاص طور سے زراعت اور لائیو سٹاک میں چین کے شاندار تجربے اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری خطے میں گیم چینجر کی حیثیت رکھتی ہے اور یقینا اس منصوبے پر عملدرآمد کے نتیجے میں بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے ہینان کے حکام کو بلوچستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ ہینان کے گورنر نے کہا کہ بلوچستان میں ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور چین اور چینی سرمایہ کار صوبہ کی حقیقی ترقی میں اپنا کردار پوری طرح ادا کریں گے۔ کانفرنس میں گذشتہ دنوں داسو میں ہونے والے بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جس میں متعدد چینی اور پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے، ویڈیو لنک سے چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق سمیت پاکستان میں چینی سفارتخانے کے نمائندہ نے بھی خطاب کیا۔ ویڈیو کانفرنس کے دوران بلوچستان، گوادر پورٹ، گوادر فری زون، زرعی پیداوار، چائنیز ایگریکلچرل ٹیکنالوجی،زرعی مشینری، ہائبرڈ رائس، کاٹن، اسٹوریج کولڈ چین، مٹن پروڈکٹ اور انڈسٹریل انٹرپرائز پر مبنی ویڈیوز بھی چلائی گئیں۔ بعدازں پویانگ گوادر فرینڈ شپ پارک اینڈ ہینان ایکولیجکل ایگریکلچرل انڈسٹریل پارک سے متعلق افتتاحی تقریب بھی بذریعہ ویڈیو لنک منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر زراعت انجینئرنگ زمرک خان اچکزئی، صوبائی مشیر نوابزادہ گہرام بگٹی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات حافظ عبدالباسط، سیکرٹری زراعت قمبر دشتی اور سیکرٹری اطلاعات سہیل الرحمن بلوچ نے بھی شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے