اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت اور افسوسناک ہے، شہباز شریف
لاہور:مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت نے مہنگائی اور بے روزگاری جیسے سنگین مسائل کے حل کے بجائے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت اور افسوسناک ہے، ایک سال میں ہوئی منہگائی غریب کے لیے قیامت صغریٰ سےکم نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضروری اشیاء کی قیمتوں میں جون 2021 میں 15.37 فیصد کا اضافہ ہوا، منہگائی موجودہ حکومت کی بد انتظامی اور بےحسی کے خلاف فردِ جرم ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غریب ترین پاکستانیوں کے لیے مہنگائی 17.58 فیصد بڑھی جبکہ حکومت پراپرٹی، اسٹاک مارکیٹ کے طاقتور طبقات کے لیے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم لاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت معاشرے کے غریب ترین طبقات پر مہنگائی کے ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے، عام استعمال کی اشیائے ضروریہ عوام کی پہنچ سے باہر ہیں۔قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ کسی حکومت کی اس سے بڑی معاشی ناکامی اور کیا ہو سکتی ہے کہ وہ مہنگائی قابو نا کر سکے، مہنگائی اور افراط زر میں اضافے کے ساتھ بے روزگاری کا سمندر ہے، آمدن اور روزگار میں کمی ہو چکی ہے۔
صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے غریبوں کو رعایت دینے کے بجائے لگژری گاڑیوں کی امپورٹ پر رعایت دی، حکومت نے آٹے، چینی، گھی اور خوردنی تیل پر سبسڈی اور رعایت دینے کو ترجیح نہیں بنایا، حکومت کی توجہ یہ تھی کہ امپورٹڈ گاڑیاں سستی ہو جائیں، حکومت نے مہنگائی اور بے روزگاری جیسے سنگین مسائل کے حل کے بجائے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔