صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ تشویشناک ہے اور اس کی روک تھام کو ہر صورت یقینی بنانا ہے،چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا
کوئٹہ :چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت صوبے میں کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں عید الاضحی کے موقع پر کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤکو روکنے کیلئے کئے گئے انتظامات اور صوبے میں مویشی منڈیوں کی تعداد بڑھانے سمیت متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ ارشد مجید، سیکرٹری ماحولیات عبدالصبور کاکڑ، سیکرٹری پرائمری ہیلتھ عزیز جمالی، کمشنر کوئٹہ ڈویژن اسفندیار کاکڑ جبکہ مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ تشویشناک ہے اور اس کی روک تھام کو ہر صورت یقینی بنانا ہے اور اس سلسلے میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پرمویشی منڈیوں سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے لہذا صوبے بھر میں مویشی منڈیوں کی تعداد کو دگنا کیا جائے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور سماجی فاصلہ کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں کے داخلی مقامات پر اسکریننگ،بخار چیک اور سینیٹائز کرنے کا انتظام کیا جائے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوام کو صوبائی حکومت کی جانب سے دیے گئے ایس او پیز پر من و عن عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ہدایات دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بازاروں، شاپنگ مالز میں ماسک، سماجی فاصلہ اور ان تمام موضوعات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ اس وبا اور پریشانی سے مکمل طور پر نجات پاسکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے بھرپور تشہیری مہم چلایا جائے۔ تاکہ عوام اس وائرس کے خطرات سے مکمل طور پر آگاہ ہوں۔