پنجگور کے لوگ یونیورسٹی کیمپس سے بھرپور فیض یاب ہونے کی کوشش کریں، بریگیڈیئر شاہد بلوچ
پنجگور:یونیورسٹی آف تربت پنجگور کیمپس میں آج 7 جولائی 2021 کو ایک بک ڈونیشن تقریب کا اہتمام ہوا، اس تقریب میں ڈپٹی کمشنر پنجگور جناب عبدالرزاق ساسولی صاحب نے یونیورسٹی آف تربت پنجگور کیمپس کے مین لائبریری کو دس لاکھ کی متعدد کتابیں عطیہ کیں، ان کتابوں میں مضامین کی کتابیں، ناولز، بائیو گرافیز، موٹیویشنل کتابیں، سی ایس ایس، پی سی ایس کی کتابیں اور دیگر نایاب کتابیں شامل تھیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی سیکٹر کمانڈر پنجگور بریگیڈیئر شاہد صاحب اور ڈپٹی کمشنر پنجگور جناب عبدالرزاق ساسولی صاحب تھے جبکہ دوران تقریب اکیڈمک انچارج یونیورسٹی آف تربت پنجگور کیمپس ڈاکٹر افتخار بلوچ، اسسٹنٹ رجسٹرار یونیورسٹی آف تربت پنجگور کیمپس آفتاب اسلم بلوچ، انچارج کمپیوٹر سائنس ڈپارٹمنٹ سعید بلوچ، انچارج ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نازیہ اسلم بلوچ، ایڈمن اسسٹنٹ عطا مہر و لائبریرین عدنان بلوچ سمیت، ایڈمن اسٹاف، ایکڈمک اسٹاف اور طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی.
سیکٹر کمانڈر بریگیڈیئر شاہد بلوچ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان جب تعلیم کی طرف متوجہ ہوں گے تو ہر قسم کی بری چیز سے بچ جائیں گے آج ضرورت اس امر کی ہے کہ پنجگور کے لوگ یونیورسٹی کیمپس جیسے اداروں سے بھرپور فیضیاب ہونے کی کوشش کریں اور یہ ہر فرد کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ دوسروں کی جانب دیکھنے کے بجائے بذات خود معاشرے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے، ہر اس بری چیز پر نظر رکھے جو معاشرے میں باعث بگاڑ ہو اور ہر اس مثبت چیز کو پروان چڑھائے جس سے معاشرہ ترقی جانب گامزن ہو، سیکٹر کمانڈر بریگیڈیئر شاہد صاحب نے یونیورسٹی آمد پر خوشی کا اظہار کیا اور یونیورسٹی انتظامیہ اور اکیڈمکس کے کردار کو سراہا آپ نے کہا کہ پنجگور میں یونیورسٹی کیمپس جیسے ادارے کا ہونا ایک غنیمت سے کم نہیں اس کے قیام کے جن جن لوگوں نے قربانیاں دی ہیں ان کو سلام پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ جلد ہی یہ ادارہ ایک یونیورسٹی کی شکل اختیار کرے گا۔
ڈپٹی کمشنر پنجگور جناب عبدالرزاق ساسولی نے خطاب کرتے ہوئے کہا یونیورسٹی آف تربت پنجگور کیمپس ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، ہم نے صوبائی وزیر میر اسداللہ بلوچ کے تعاون سے روزاول سے یونیورسٹی کیمپس کی کے لیے وژن بنایا تھا کہ یہ کیمپس پورے خطے میں ایک مثالی ادارہ ہوگا جس سے پنجگور کے ہر مکتبہ فکر کے لوگ مستفید ہوں گے اور آج یونیورسٹی کیمپس نے وسیع تعداد میں انرولمٹ حاصل کرکے کہ یہ ثابت کردیا کہ واقعی یہ ادارہ آگے چل کر پاکستان کے بہترین یونیورسٹیز میں شامل ہوگا، ڈپٹی کمشنر پنجگور جناب عبدالرزاق ساسولی نے مزید کہا کہ ہم نے طلباء کی ضرورت اور اسٹاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یونیورسٹی کیمپس لائبریری کے 1 ملین کی کتابیں عطیہ کی ہیں ان میں وہ کتابیں شامل ہیں جن کی لسٹ پنجگور کیمپس انتظامیہ نے فراہم کی تھی اور ان میں وہ کتابیں شامل ہیں جس سے یونیورسٹی کے طلباء مستفید ہوں گے، ڈپٹی کمشنر پنجگور نے مزید کہا کہ پنجگور میں لائبریریوں کا جھال بچ رہا ہے قریباً 8 کروڑ روپے کے لائبریریاں پنجگور کے مختلف علاقوں میں بنائے جا رہے ہیں علاؤہ ازیں یونیورسٹی کیمپس سے چند قدم کے فاصلے پر 1 ملین کی لاگت پر ایک ڈیجیٹل لائبریری تعمیر کی جارہی ہے جو عنقریب آنے والے سال میں بالکل تیار ہوکر پڑھنے والوں کے لیے فعال ہوگا اس لائبریری میں پنجگور کے عوام بالخصوص طلباء جدید طریقے سے مختلف نیشنل و انٹرنیشنل جرنلز، آن لائن ورکشاپس ، سیمینارز سے مستفید ہوسکتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ پنجگور کی تاریخ میں پہلی بار ہم وومین لائبریری خدابادان کا آغاز کرنے جا رہے ہیں جس سے علاقے کے خواتین و طالبات کو ایسا پلیٹ فارم میسر ہوگا جہاں وہ آسانی سے مطالعہ کرسکیں گے ڈپٹی کمشنر پنجگور نے مزید کہا کہ ہم نے پڑھے لکھے پنجگور کا خواب دیکھا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ وہ تمام سہولیات جو ایک صحت مند معاشرے کے لیے ضروری ہیں انہیں پنجگور کے عوام کو فراہم کرلیں تاکہ ہماری آنے والی نسل ان سے فیضیاب ہوسکے ڈپٹی کمشنر پنجگور نے پنجگور کیمپس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم نے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر میر اسداللہ بلوچ کے خصوصی تعاون سے مکوئے ڈن میں یونیورسٹی آف پنجگور کے 4000 ایکڑ زمین کی الاٹمنٹ کی ہے جو اپنی نوعیت کا ایک عظیم کارنامہ ہے اور اس کی ڈاکومینٹیشن آخری مراحل میں ہیں اس کے ساتھ ساتھ ہم یونیورسٹی کیمپس کے انتظامیہ سے رابطے میں ہیں اور ہر قسم کے تعاون پر حاضر خدمت ہیں۔
اکیڈمک انچارج یونیورسٹی آف تربت پنجگور کیمپس ڈاکٹر افتخار بلوچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پنجگور جناب عبدالرزاق ساسولی صاحب کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کیمپس کو بڑی تعداد میں کتابیں عطیہ کرکے علم دوستی کا ثبوت دیا، ڈاکٹر افتخار بلوچ نے کہا کہ لائبریریز معاشرتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں جن اقوام نے لائبریری کو فوقیت دی ہے وہ ترقی کی دوڑ میں ہمیشہ آگے گئے ہیں آج پنجگور کیمپس کی لائبریری میں اس قسم کی تقریب کا ہونا اس بات کا جیتا جاگتا ثبوت ہے کہ پنجگور کی زرخیز ہے بس ضرورت آبیاری کی ہے
اسسٹنٹ رجسٹرار آفتاب اسلم بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پنجگور کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ ہم یونیورسٹی آف تربت پنجگور کیمپس میں ایک ایسے لائبریری کا قیام عمل میں لائیں جہاں طلباء کو ضرورت کی ہر کتاب میسر ہو اور سبجکٹ کے ساتھ ساتھ سی ایس ایس، پی سی ایس اور کمیشن کے تمام کتابیں بھی اس لائبریری میں موجود ہوں جس سے ناصرف طلباء بلکہ تیاری کرنے والے حضرات بھی مستفید ہوسکیں، آفتاب اسلم بلوچ کہا نے اس مقصد کو پورا کرنے کے لیے ہم تمام مکاتب فکر کے افراد سے مدد کی امید کرتے ہیں کہ آگے آئیں اور اس ادارے کے ترقی، بہتری اور فعالیت کے لیے اپنا کردار ادا کریں تاکہ ہم ایک ایسا ادارہ تیار کرسکیں جہاں تعلیم، تحقیق اور مباحثے کا کلچر پیدا ہو۔
تقریب کے آخر میں اوپن فورم کا اہتمام ہوا جس میں طلباء و طالبات نے اپنے سوالات پوچھے اور سیکٹر کمانڈر بریگیڈیئر شاہد صاحب اور ڈپٹی کمشنر پنجگور جناب عبدالرزاق ساسولی صاحب نے شرکاء کے تحفظات سنے، سوالوں کو جوابات دیے اور عملی اقدام کی یقین دہانی کرائی
پروگرام کے آخر میں عطا مہر نے بحیثیت اسٹیج سیکریٹری سیکٹر کمانڈر بریگیڈیئر شاہد صاحب اور ڈپٹی کمشنر پنجگور جناب عبدالرزاق ساسولی صاحب کا یونیورسٹی آمد اور کتابیں عطیہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور یہ امید ظاہر کیا کہ آئندہ بھی آپ یونیورسٹی کیمپس میں اس طرح کے سیشنز کا حصہ بنیں گے اس کے ساتھ ساتھ آپ نے باقاعدہ پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا.