’ٹریجڈی کنگ‘‘ دلیپ کمار98 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوگئے
ممبئی:کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے برصغیرکے مایہ ناز اداکار اوربالی ووڈ کے شہنشاہ جذبات دلیپ کمار98 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوگئے۔
دلیپ کمارکے انتقال کی خبر ان کے ویریفائیڈ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ان کے فیملی فرینڈ فیصل فاروقی نے دی۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا ’’انتہائی دکھی دل اور گہرے رنج غم کے ساتھ میں ہمارے محبوب دلیپ صاحب کے انتقال کا اعلان کرتا ہوں جو چند منٹ قبل اس دنیا کو چھوڑ گئے۔ ’’ہم اللہ ہی کے ہیں اور اللہ ہی کی طرف ہمیں پلٹ کر جانا ہے‘‘۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے’’شہنشاہ جذبات‘‘ کہلائے جانے والے اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کو گزشتہ ہفتے سانس لینے میں دشواری کے باعث ممبئی کے ہندوجا اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور اسی اسپتال میں انہوں نے اپنی زندگی کی آخری سانس لی۔ دلیپ کمار کو گزشتہ ماہ دو بار سانس لینے میں تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
گزشتہ ماہ 6 جون کو دلیپ صاحب کو ممبئی کے ہندوجا اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کی حالت بہتر ہونے کے بعد ان کے اہلخانہ انہیں 11 جون کو گھر واپس لے آئے تھے۔ تاہم ان کی حالت ایک بار پھر بگڑنے پر انہیں گزشتہ بدھ 30 جون کو دوبارہ ہندوجا اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ ڈاکٹرز کی زیرنگرانی انتہائی نگہداشت (آئی سی یو) کے وارڈ میں تھے۔
دلیپ کمار کے اہلخانہ ان کے مداحوں کو مسلسل دلیپ صاحب کی صحت سے باخبر رکھ رہے تھے اور گزشتہ دو دنوں سے ان کی حالت میں بہتری آرہی تھی۔ دلیپ صاحب کے قریبی دوست نے تمام لوگوں سے ان کی صحت یابی کی دعا کرنے کے لیے بھی کہا تھا۔ تاہم دلیپ صاحب جانبر نہ ہوسکے اور بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے ’’ٹریجڈی کنگ‘‘ دلیپ کمار نے بدھ کی صبح 7:30 بجے ممبئی کے کھار ہندوجا اسپتال میں اپنی زندگی کی آخری سانس لی۔