نصیرآباد، پانی کی قلت کےباعث پٹ فیڈر کینال میں غیر قانونی واٹر کورسز کے خلاف آپریشن کا آغاز

کوئٹہ (گرین گوادرنیوز) بلوچستان کے گرین بیلٹ نصیر آباد میں زرعی پانی کی قلت کے باعث پٹ فیڈر کینال کے اندرونی اور بیرونی اطراف میں غیر قانونی واٹر کورسز کے خلاف آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے، جس میں آبپاشی حکام کی نشاندہی پر ایسے درجنوں غیر قانونی پائپ اکھاڑ دئیے گئے ہیں جن سے کینال کی بیرونی اطراف میں پانی چوری کیا جارہا تھا ڈپٹی کمشنر نصیر آباد اظہر شہزاد کے مطابق دریائے سندھ سے پٹ فیڈر کینال میں پانی کا مقررہ حصہ آب 6700 کیوسک ہے تاہم چاول کی فصل کی آبیاری کے دوران کینال میں پانی کی مقدار 3200 کیوسک کے لگ بھگ ہونے کے باعث ٹیل کے زمینداروں تک پانی کی رسائی میں مشکلات درپیش ہیں انہوں نے بتایا کہ پٹ فیڈر کینال کے کمانڈ ایریا کی لمبائی ٹیل تک 43 کلو میٹر بنتی ہے اور شروع سے آخر تک پانی کے منصفانہ بہاو کو یقینی بنانے کے لیے تحصیلدار ڈیرہ مراد جمالی اور نائب تحصیلداروں سمیت محکمہ آبپاشی کے افسران کو مختلف علاقوں میں غیر قانونی واٹر کورسز کے خلاف آپریشن کی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں اس مقصد کے لئے متعین ہر افسر کو 3۔4 کلو میٹر کا ایریا کلئیر کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے ان ہدایات کی روشنی میں تحصیلدار ڈیرہ مراد جمالی بہادر خان کھوسو نے آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے درجنوں واٹر کورس منہدم کرکے پائپ نکال دئیے ہیں جبکہ مکمل کلیئرنس تک یہ آپریشن جاری رہے گا انہوں نے کہا کہ کمانڈ اور ٹیل ایریا تک پانی فراہمی کے لئے دستیاب آبی وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا اس مقصد کے لئے ٹائم ٹیبل کا اعلان کرکے اسے مشتہر کیا جائیگا ضلعی انتظامیہ پرعزم ہے کہ اس اہم زرعی مسئلے کو حل کرنے کے لئے بہتر حکمت عملی اور موثر اقدامات اٹھاتے ہوئے زمینداروں کو زرعی پانی کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے