پارلیمنٹ ہی عوامی مسائل پر بحث کا بہترین فورم ہے، اصغر خان اچکزئی
کوئٹہ (گرین گوادرنیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر و صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے 6 جولائی کو اپوزیشن کی طرف سے صوبائی اسمبلی کے ریکوزٹ اجلاس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے 18 جون کو ہی کہا تھا کہ پارلیمنٹ ہی عوامی مسائل پر بحث کا بہترین فورم ہے اپوزیشن کا 6 جولائی کو ریکوزٹ کردہ اجلاس ہمارے موقف کی تائید و تصدیق ہے بلکہ یہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کی فتح ہے، حکومت نے 18 جون کو کسی بھی سانحہ سے بچنے کیلئے انتہائی تدبر کا مظاہرہ اور فراخ دلی سے ایوان کے تقدس کی پامالی، توڑ پھوڑ اور پارلیمنٹ کی بے توقیری کے باوجود مقدمہ واپس لے لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کے 6 جولائی کو طلب کیا گیا اجلاس پارلیمنٹ اور جمہوریت کی فتح ہے اپوزیشن کو احساس ہوا کہ عوامی مسائل کا حل اور اس پر بحث و مباحثہ کا اصل فورم پارلیمنٹ ہی ہے انہوں نے کہا کہ دیر آید درست آید لیکن بدقسمتی سے اپوزیشن میں شامل وہ جماعتیں جن کی پارلیمنٹ کی بالادستی اور آئین کی بحالی کیلئے ایک تاریخی جدوجہد ہے ایسے غیر جمہوری روایات کے مرتکب ہوئے جس کی اجازت نہ اس صوبے کی روایات و اقدار دیتی ہے اور نہ ہی اس طرح کے غیر جمہوری و سیاسی رویے جمہوری اداروں کے استحکام و پارلیمنٹ کی بالادستی میں معاون و مددگار ثابت ہو سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں 18 جون کو جو واقعہ پیش آیا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا بلکہ اس واقعہ کی سنجیدہ نوٹس لینے کی ضرورت تھی اور ہے، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بجٹ اجلاس میں شرکت کیلئے اسمبلی کے بند گیٹوں پر موجود اپوزیشن کے ورکرز سے دست و گریباں ہونے سے بچنے کیلئے ایسے راستوں سے اسمبلی آئے جس کا سوچنا بھی محال تھا انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ایف آئی آر کو بنیاد بنا کر جس قسم کے حالات پولیس تھانے میں پیدا کئے گئے جس سے خدشہ پیدا ہوا کہ خدانخواستہ جو کام 18 جون کو نہیں ہو پایا تھا وہ کام پولیس کے ساتھ تھانے میں پارلیمنٹیرینز و اپوزیشن جماعتوں کے ورکرز اور پولیس کے درمیان ہو نہ جائے اور جو صورت حال پیدا ہوا تھا اس سے پارلیمنٹ کا وقار مجروح ہوا بلکہ ملک بھر میں صوبائی اسمبلی سے متعلق جو منفی تصویر کشی ہوئی وہ انتہائی افسوس ناک ہے اس تمام تر حالات کے باوجود حکومت نے بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایف آئی آر واپس لے لیا ہونا تو یہ چاہیے کہ اپوزیشن 18 جون کو ہونے والے اجلاس میں شرکت کرتی اور اپنے تحفظات کا اظہار کرتی تاکہ اس کے بعد کی صورتحال ہی نہ بنتی انہوں نے کہا کہ ہم نے 18 جون کو بھی یہی کہا تھا کہ پارلیمنٹ ہی عوامی مسائل پر بحث کا بہترین فورم ہے اور آج ہمارا موقف واضح ہو گیا ہے۔