افغان حکام کی جانب سے پاکستان پر بلا جواز تنقید ان کی پالیسیوں سے متعلق ناکامی کا ثبوت ہے، شاہ محمود قریشی
اسلام آباد:وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک کی خارجہ پالیسی کا بنیادی مقصد ملکی معیشت کو مستحکم کرنا اوربیرونی سرمایہ کاری کی ترغیب دینا ہے۔ریڈیو پاکستان کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان نے جغرافیائی،سیاسی اورخارجہ پالیسی کو اقتصادی سفارتکاری میں تبدیل کر دیا ہے،وزارت خارجہ نے تجارت کے فروغ،ترسیلات زر کی سہولت اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی کوششوں پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان حکام کی جانب سے پاکستان پر بلا جواز تنقید ان کی پالیسیوں سے متعلق ناکامی کا ثبوت ہے۔انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ افغان عوام کی اکثریت اِس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات سے انہیں فائدہ پہنچ سکتا ہے۔