قلات میں ترقیاتی منصوبے عوامی نمائندوں کی مشاورت سے شروع کئے جا رہے ہیں، میر ضیا لانگو
قلات:وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیااللہ لانگو نے کہا ہے کہ اضلاع کی ترقی و خوشحالی اور عوام کو درپیش مسائل کا ازالہ موجودہ حکومت کی شروع دن سے ترجیح رہی ہے۔ قلات میں اجلاس کے دوران ضیااللہ لانگو نے کہا کہ ضلع قلات میں ترقیاتی منصوبے منتخب عوامی نمائندوں کی مشاورت سے شروع کئے جا رہے ہیں۔ متعلقہ عوامی نمائندے اپنے حلقوں کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ناگزیر منصوبوں کی بروقت نشاندہی کریں تاکہ اس کے مطابق ترقیاتی پلان کو بلا تاخیر حتمی شکل دی جا سکے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ اضلاع کے طبی مراکز میں عملے کی کمی کوپورا کرنے، معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی اداروں کی بحالی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ اضلاع میں سیاحت کے فروغ کیلئے بھی منصوبے ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہوں گے۔ اصل مقصد اضلاع کی ترقی ہے اور اس مقصد کے لئے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔