بلوچستان کی اپوزیشن جماعتوں کا 14 روز سے جاری دھرنا ختم
بلوچستان اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف ملک سکندر نے کہا ہے کہ حکومت نے اپوزیشن ارکان کے خلاف مقدمات واپس لے لیے جس پر دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بلوچستان کی اپوزیشن جماعتوں نے کوئٹہ کے بجلی روڈ تھانے میں 14 روز سے جاری دھرنا ختم کر دیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بجٹ سے متعلق تحفظات دور ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔ اس سے پہلے بلوچستان حکومت نے اپوزیشن کے خلاف ایف آئی آر واپس لینے کا نو ٹی فکیشن جاری کیا تھا۔
بلوچستان اسمبلی کے باہر ہنگامے کے بعد اپوزیشن کے خلاف صوبائی حکومت کی جانب سے 20 جون کو درج ایف آئی آر میں اپوزیشن کے 17 ارکان کو نامزد کیا گیا تھا۔
اپوزیشن رکن اخترحسین لانگو نے کہا کہ صوبائی حکومت نے 250 افراد اور سیاسی ورکرز کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ مقدمہ میں اپوزیشن کے 17 ارکان پر اسمبلی کے احاطے میں توڑپوڑ کرنے کا الزام بھی تھا۔
پولیس کیساتھ ہاتھا پائی کے دوران خاتون سمیت 4 ارکان زخمی ہوئے تھے۔ اپوزیشن ارکان نے 21 جون کو کوئٹہ کے بجلی گھر تھانہ میں گرفتاری پیش کی تھی۔
پولیس کی جانب سے گرفتاری سے انکار کے باوجود اپوزیشن ارکان تھانے میں بیٹھے رہے تھے۔ اپوزیشن ارکان نے اسرار کیا تھا کہ ایف آئی آر واپس لینے تک وہ تھانے سے باہر نہیں جائیں گے۔