اپوزیشن ارکان بضد ہیں کہ وہ تھانے سے نہیں جائیں گے، جام کمال خان

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو حکومت نے نہ تو گرفتار کیا ہے اور نہ ہی پابند کیا ہے کہ وہ تھانے میں بیٹھے حکومت نے اپوزیشن ارکان کے خلاف ایف آئی آر واپس لے لی ہے لیکن اپوزیشن ارکان بضد ہیں کہ وہ تھانے سے نہیں جائیں گے ملکی اور بلوچستان کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپوزیشن نے غیر ذمہ دارانہ رویہ اپنایا ہے اپنی اسکیمات کے لئے اپوزیشن نے پولیس اور انتظامیہ کو الجھائے رکھا ہے،یہ بات انہوں نے اپنے ویڈیو بیان میں کہی، وزیراعلیٰ جام کمال خان نے کہا کہ اپوزیشن ارکان اسمبلی کی جانب سے کچھ دنوں سے غلط تاثر دیا جارہا ہے اپوزیشن کے کئی ارکان اپنے ورکرز کو تاثر دے رہے ہیں کہ ہمیں تھانے میں بند کیا گیا ہے ہم جیل میں ہیں باہر نہیں آسکتے میں انہوں نے کہا کہ میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ حکومت اور نہ ہی پولیس نے کسی بھی اپوزیشن رکن کو تھانے نہیں بلایااور نہ ہی انہیں بٹھایا ہے انہوں نے کہا کہ مقدمات میں حکومت یا تحقیقاتی ادارے بہت سے لوگوں کو نامزد کرتے ہیں اور بہت سے ہٹ بھی جاتے ہیں اپوزیشن ارکان کو جب مقدمے میں نامزد کیا گیا تو وہ سب خود تھانے پہنچ گئے اور کہا کہ ہم یہیں بیٹھے رہیں گے کیونکہ ہمارے نام ایف آئی آر میں آگئے ہیں اپوزیشن بضد تھی اور چھ سات دن تھانے میں بیٹھے رہے اپوزیشن کے لوگ تھانے میں پریس کانفرنسیں کر رہے تھے، جھوٹے جلسے کر رہے تھے تھانہ تھانہ کم اور دھرنے کا مقام زیادہ لگا جو کہ غیر مناسب تھا اپوزیشن نے اسمبلی کے بعد تھانے میں بھی غیر مناسب عمل کیا ہم نے کسی کو پابند نہیں کیا کہ وہ تھانے میں بیٹھیں حکومت کے چھ وفود اپوزیشن کے پاس گئے اور کہا کہ تھانے سے چلے جائیں اور اسمبلی کاحصہ بنیں وہاں آکر بحث کریں لیکن اپوزیشن ارکان بضد تھے انہوں نے کہا کہ میں جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنماء مولانا محمد خان شیرانی کا شکر گزارہوں کہ انہوں نے بھی اپوزیشن کو کہا کہ انکا طریقہ غلط ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کے خلاف ایف آئی آر واپس لے لی ہے لیکن ایف آئی آر واپسی کے باوجود بھی اپوزیشن بضد ہے کہ ہمیں بند کیا گیا اور ہم اندر ہیں میں اس بات کی وضاحت کر رہا ہوں کہ نہ حکومت نے کسی کو بھی کیا ہے اور نہ حکومت نے انہیں پابند کیا ہے کہ وہ بیٹھے رہیں اپوزیشن خود دھرنا دیکر بیٹھی ہے اور بضد ہے کہ ہم نہیں جائیں گے یہاں تک کہ ہم نے مقدمہ بھی واپس لے لیا ہے میں امید کرونگا کہ اپوزیشن واپس چلی جائے انہوں نے مزید کہا کہ ملکی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے بلوچستان اپوزیشن ایک غیر ذمہ داری کا طریقہ اپنائے ہوئے ہے گزشتہ روز ایئر پورٹ روڈ پر دھماکہ ہوا اور اپوزیشن تھانوں میں دھرنے دئیے بیٹھی ہوئی ہے اپوزیشن نے پولیس انتظامیہ اور باقی سب کو اپنے اسکیموں کے چکر میں الجھائے رکھا ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے