سی پیک پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا دروازہ ہے، میرعبدالکریم نوشیروانی
کوئٹہ (گرین گوادرنیوز) بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس تربیتی ورکشاپ سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے۔ ملک میں کیا کچھ ہورہا ہے ترقی و خوشحالی اور معیشت کی بہتری کے لئے حکومتی اور دیگر ادارے کیا اقدامات اٹھارہے ہیں یہ وہ معلومات ہیں جن سے ہر باشعور شخص کو آگاہ رہنا چاہئے۔ اس تربیتی ورکشاپ سے جو معلومات حاصل ہونگی ہم اس اپنے غیور عوام تک بھی پہنچائیں گے تاکہ انہیں بھی علم ہو کہ ملک کی ترقی و خوشحالی اور معاشی بحران کے خاتمے کے لئے ملکی ادارے اور حکومت کیا کردار ادا کررہی ہے۔ یہاں جاری کئے گئے اپنے ایک اخباری بیان میں سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ کوئٹہ میں ساتویں نیشنل سیکورٹی ورکشاپ جاری ہے جس میں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی نمائندگی ہے جنہیں پاکستان اور خصوصاً بلوچستان سمیت دیگر صوبوں کو درپیش مسائل اور انکے حل کے حوالے سے آگاہی دی جارہی ہے اس معلوماتی ورکشاپ میں جس طرح سے مملکت خداداد پاکستان کے مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے وہ قابل تحسین عمل ہے۔ میں اس کامیاب ورکشاپ کے انعقاد پر بریگیڈیئر مسعود کرنل کامران اور انکی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کرتا ہوں کہ وہ آگے چل کر بھی ایسی تربیتی ورکشاپ کے ذریعے پاکستان اور یہاں کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے سیاستدانوں، بیوروکریٹس اور دیگر شعوبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی موثر تجاویز کو ان حلقوں میں رکھیں گے جو کہ قانون سازی میں اپنا کلیدی کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تربیتی ورکشاپ میں جو معلومات فراہم کی گئی ہیں اس سے قبل ہم اس سے ناواقف تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کا مستقبل بلوچستان سے وابستہ ہے سی پیک ایک ایسا پراجیکٹ ہے جو کہ ملک کی معیشت کی بہتری میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے سی پیک کی مخالفت وہ لوگ کررہے ہیں جو کہ پاکستان کے مخالف ہیں اور ہمارے دشمن ممالک سے اندرون خانہ ملے ہوئے ہیں ہمارے دشمن ممالک کو اچھی طرح علم ہے کہ سی پیک پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا دروازہ ہے اس پراجیکٹ کی تکمیل سے پاکستان ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہوجائے گا اس لئے وہ اس کی مخالفت کررہے ہیں اور انہوں نے بعض ہمارے اپنے لوگ اس پراجیکٹ کی ناکامی کے لئے ہائیر کررکھے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے پاک افواج اور دیگر اداروں کی کاوشیں بھی قابل تعریف ہیں اور ان کی ہر مخلصانہ کاوشیں روز اول سے ہمیں صاف نظر آرہی ہیں پاک افواج اور ملکی اداروں پر بلا وجہ تنقید وہ عناصر کررہے ہیں جوکہ ترقی مخالف ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اور ذاتی مفادات کے حصول کیلئے سرگرداں ہیں ان کی منفی سوچ اور پروپیگنڈے کی محب وطن عوام نے ہر فورم پر نہ صرف مخالفت کی ہے بلکہ ان لوگوں کو یکسر مسترد کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ میری ملکی اداروں سے گزارش ہے کہ وہ محب وطن اور مثبت سوچ کے حامل لوگوں کو آگے لائیں تاکہ ترقی و خوشحالی کا یہ سفر جاری و ساری رہے۔ بلوچستان مضبوط ہوگا تو پاکستان بھی مضبوط ہوگا اور ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرکے ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوجائے گا جس کا خواب ہم 1947سے دیکھ رہے ہیں انشاء اللہ یہ خواب پورا ہوگا۔