پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا
اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا ہے۔ یہ بات وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر بتائی ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی گئی ہے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 44 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوگا۔
انٹرنیشنل مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے اوگرا نے 6 روپے 5 پیسے فی لیٹر پیٹرول کی قیمت میں اضافہ تجویز کیا تھا۔لیکن وزیراعظم نے صرف 2 روپے فی لیٹر اضافے کی اجازت دی ہے۔ ڈیزل فی لیٹر3 روپے 44پیسے اضافے کی تجویز تھی لیکن صرف ایک روپئیہ چوالیس پیسے اضافے کی اجازت دی گئی ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے اس حوالے سے کہا ہے کہ اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ تجویز کیا تھا۔شہباز گل نے کہا کہ اسی طرح اوگرا نے ڈیزل کی قیمت میں 3روپے 44پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی تھی۔وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری ہونے کے بعد اس کا اطلاق ہوگا۔