بلوچستان میں حکومت واپوزیشن عوام کیلئے نہیں ذاتی مفادات کیلئے لڑرہے ہیں،مولانا عبدالحق ہاشمی
کوئٹہ:امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی، نون لیگ،باپ، پی پی ودیگر پارٹیاں یک جان کئی قالب ہیں بجٹ پاس کرانے میں بڑی اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کی بھرپور معاونت کی۔ ثابت ہوگیا کہ پارٹیاں آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کی تابع داری میں ایک ہیں۔ساری لڑائی اسٹیبلشمنٹ سے مفادات حاصل کرنے پر ہو رہی ہے۔بلوچستان میں بھی حکومت واپوزیشن عوام کیلئے نہیں ذاتی مفادات کیلئے لڑرہے ہیں عوام نے سب کو آزمالیا اب واحد آپشن جماعت اسلامی رہ گئی ہے جماعت اسلامی ہی عوام کو مسائل ومشکلات سے نکال کر اسلامی فلاحی حکومت دیکر خوشحال بلوچستان بنائیگی۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کو تباہ کرنے میں بلوچستان کے کئی دہائیوں سے حکومت واپوزیشن میں شامل جماعتوں سمیت وفاق کا بھی بہت بڑاہاتھ ہے۔بلوچستان وسائل سے مالامال مگرعوام بدحال وپریشان ہیں بدقسمتی سے حکومت میں شامل جماعتیں عام آدمی کو لوٹنے کیساتھ مافیاز کو نوازرہے ہیں جس کی وجہ سے بدعنوانی میں کمی کے بجائے اضافہ ہورہا ہے۔ ملک کے دو کروڑ بچے سکولوں سے باہر اور دوکروڑ نوجوان بے روزگار ہیں مگر حکمرانوں کو فکر ہے نہ اپوزیشن کو جس کی وجہ سے ملک کے نوجوان وعوام بہت پریشان ہیں ہر طرف لوٹ مار جار ی عوام کے مسائل کو سننے اور حل کرنے والا کوئی نہیں حکومت صرف خالی خولی اعلانات ووعدوں پر عوام کو ٹرخارہے ہیں اسمبلیوں میں بیٹھا اشرافیہ اپنے مفادات کی جنگ لڑرہاہے، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ کوئی ایسا نصاب قبول نہیں کریں گے جو دو قومی نظریہ سے متصادم ہو۔ نوجوانوں کو دینی اور عصری تعلیم سے روشناس کرانا ضروری ہے۔ مدارس ریفارمز کی آڑ میں انہیں ختم کرنے کی سازش کا مقابلہ کریں گے۔ مومن دین اور دنیا کو الگ الگ نظر سے نہیں دیکھتا۔ مسلمانوں کو ان کے دین سے دود کرنے کی مغربی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ امت متحد ہوکر مسائل کا مقابلہ کرے۔ نوجوان دین کے پیغام کو عام کریں۔ دشمن ہمیں تقسیم اور اللہ عزوجل ایک دیکھنا چاہتا ہے سوال یہ ہے کہ ہمیں دشمن کی طرف جانا چاہیے یا اپنے مالک حقیقی کی طرف رجوع کرنا چاہیے۔