سی پیک منصوبہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری
کوئٹہ :بلوچستان عوامی پارٹی کی رہنما سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا یہ بات انہوں نے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں بلوچستا ن کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی اسی وجہ سے بلوچستان ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا تھا سی پیک اور گوادر منصوبے پاکستان بالخصوص بلوچستان کے لئے نہایت اہم منصوبے ہیں جو بلوچستان کی تقدیر بدل دیں گے ان منصوبوں کی تکمیل کے لئے ہماری سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ان منصوبوں کی حفاظت کی سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے بدقسمتی سے گزشتہ ادوار میں اس کی تعمیر و ترقی پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی اور اجتماعی مفادات کے بجائے انفرادی مفادات پر توجہ مرکوز رکھی گئی جس سے صوبہ پسماندگی اور محرومی کا شکار ہو گیاتھالیکن موجودہ وفاقی و بلوچستان حکومتوں نے درپیش چیلنجز کو قبول کرتے ہوئے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے قابل تحسین اقدامات کئے جن کے ثمرات عوام کو ملنا شروع ہو گئے ہیں اور بلوچستان کی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گیا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت کا ساتھ دینا چاہئے انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے اور یہی وجہ ہے کہ دشمن نہیں چاہتا کہ سی پیک منصوبہ کامیاب ہو لیکن ہمارے سیکیورٹی اداروں کی وطن کے لئے قربانیوں اور انتھک محنت کی بدولت بہت جلد سی پیک منصوبہ پایہ تکمیل ہوگا اور بلوچستان کے لئے ترقی کے نئے باب کھلیں گے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں بلوچستان ترقی کی منازل طے کر رہا ہے صوبہ بلوچستان خطہ کا ایک اہم حصہ ہے سی پیک کے تحت منصوبوں کی تکمیل سے پورے خطے میں ترقی کا نیا دور شروع ہو گا اور انشاء اللہ آنے والے وقتو ں میں بلوچستان ساری دنیا کے لئے مثالی اور اہم کردار ادا کرے گا۔