کوئٹہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ و اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر کو جرم ثابت ہونے پر 12سال قید و 10کروڑ روپے جرمانے کی سزا

کوئٹہ (گرین گوادرنیوز) احتساب عدالت کوئٹہ نے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کا جرم ثابت ہونے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ بلوچستان سعید احمد مینگل اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر امیر بخش کھوسہ کو مجموعی طور پر 12سال قید اور 10کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنادی ہے۔ احتساب عدالت کوئٹہ کے جج جناب اللہ داد روشان نے نیب بلوچستان کی تحقیقات اور ملزم کے خلاف ناقابل تردید ثبوتوں کی روشنی میں فیصلہ سنایا۔ نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر راشد زیب گولڑہ نے کیس کی پیروی کی۔ تفصیلات کے مطابق نیب بلوچستان کی تحقیقاتی ٹیم نے ملزمان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیاتو معلوم ہوا کہ ملزم اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ بلوچستان سعید احمد مینگل نے پراجیکٹ ڈائریکٹر ضلع جعفرآباد، نصیرآباد اور جھل مگسی کی حیثیت سے مختلف پی آر سی سینیٹرز سے صرف کاغذات کی حدتک گندم کی بوریاں خریدیں محکمہ خوراک کے گودام کے ریکارڈ اور فیلڈ وزٹ سے یہ بات واضح ہوگئی کہ ملزم سعید احمد مینگل اور امیر بخش کھوسہ نے ملی بھگت سے گندم کی بوریاں ناتو خریدیں اور ناہی محکمہ خوراک کے گودام میں جمع کروائیں۔ اس طرح ذاتی فائدے اور کرپشن کے ذریعے ملزمان نے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ نیب بلوچستان ملزمان کے خلاف تحقیقات مکمل کرکے ریفرنس احتساب عدالت میں جمع کرادیا تھا۔ جس پر معزز احتساب عدالت کوئٹہ نے فیصلہ سناتے ہوئے دونوں ملزمان کو قید و جرمانے کی سزا سنادی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے