سراوان ہاؤس نے ہمیشہ قوموں کو جانی و مالی نقصانات سے بچایا ہے، نوابزادہ رئیس رئیسانی

کوئٹہ (گرین گوادرنیوز) قبائلی رہنما نوابزادہ میر رئیس رئیسانی نے کہا ہے کہ سیاست اور قبائلی معاملات کو ایک د وسرے سے الگ کیا جائے، بہت سے مسائل از خود حل ہوجائیں گے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز سراوان ہاؤس میں رئیسانی، لہڑی اور علیزئی قبائل کے درمیان جاری تنازعے کے تصفیے کے موقع پر منعقدہ جرگے میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ قبل ازیں نوابزادہ میر رئیس رئیسانی کی سربراہی میں منعقدہ جرگہ میں سردار شاہ زمان علیزئی،سردارزادہ میر جاوید لہڑی و دیگر نے تنازعے کا تصفیہ کرکے فریقین کو آپس میں شیر و شکر کیا جبکہ اس موقع پر نوابزادہ میر رئیس رئیسانی کی جانب سے قبائلی معتبرین کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔ جرگے سے گفتگو کرتے ہوئے نوابزادہ میررئیس رئیسانی نے کہا کہ سراوان ہاؤس نے ہمیشہ اقوام کو آپس میں شیرو شکر کرنے کے لئے اقدامات اٹھاتے ہوئے قوموں کو جانی و مالی نقصانات سے بچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ قبائلی تنازعات صوبے کی روایات کے مطابق حل کئے جائیں تاکہ اقوام کے درمیان موجود دوریوں کا خاتمہ ہو اس سلسلے میں سراوان ہاؤس اپنا کردار ادا کرنے کو ہمیشہ تیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ جلد بلوچستان کے مختلف علاقوں میں قبائل کے درمیان جاری تنازعات کے حل کیلئے قبائلی عمائدین سے رابطے کئے جائیں گے تاکہ افہام و تفہیم سے ان تنازعات کو حل کیاجائے۔ قبل ازیں نوابزادہ میر رئیس رئیسانی کی سربراہی میں ہونے والے ایک اور جرگے میں رئیسانی اور بازئی قبائل کے درمیان جاری زمین کے تنازعہ کا تصفیہ بھی کیا گیا اس موقع پر چیئرمین حنیف رستم زئی رئیسانی اور یحییٰ رئیسانی و دیگر بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے