کوئٹہ، ڈکیتی کے ملزمان کو جرم ثابت ہو نے پر 28 سال قید و 2 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا

کوئٹہ: سیشن جج سریاب جناب طارق انور کاسی نے ڈکیتی کے مقدمہ میں نامزد 4ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر مجموعی طور پر 28سال قید اور 2لاکھ روپے جرمانے کی سزائیں سنادی، ملزمان میں سے 2کو اسلحہ برآمدگی کا جرم ثابت ہونے پر مزید ایک ایک سال قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان عمران عرف (گوبھی)، بابو کریم بخش، غلام فرید، عبدالرشید اور محمد طارق نے تھانہ کیچی بیگ کے علاقے میں مدعی مقدمہ قربان علی اور ان کے ساتھی یاسر سے اس وقت گن پوائنٹ پر لاکھوں روپے چھینے تھے جب وہ بینک سے رقم نکالنے کے بعد مستونگ جارہے تھے، مدعی مقدمہ کے مطابق ملزمان نے سریاب روڈ پر اس وقت ان سے گن پوائنٹ پر رقم چھینی جب ان کی گاڑی ٹریفک جام کے باعث رکی، ملزمان ان سے لاکھوں روپے لے کر فرار ہوگئے، بعد ازاں پولیس نے ملزمان عمران عرف (گوبھی)، بابو کریم بخش، غلام فرید اور عبدالرشید کو 10لاکھ روپے کی رقم برآمد کرکے گرفتار کرلیا اور بعد ازاں گرفتار اور ایک مفرور ملزم کے خلاف مقدمے کا چالان عدالت ہذا میں پیش کیا، گزشتہ روز عدالت کے جج نے ڈکیتی کا جرم ثابت ہونے پر 4ملزمان عمران عرف (گوبھی)، بابو کریم بخش، غلام فرید، عبدالرشید کو سات سات سال قید بامشقت اور پچاس پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزائیں سنائی، عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں ملزمان کو مزید ایک ایک ماہ قید بھگتنا ہوگی، عدالت نے نامزد ملزمان عمران عرف (گوبھی) اور بابر کریم بخش کو پستول برآمد ہونے کا جرم ثابت ہونے پر ایک ایک سال قید اور دس دس ہزار روپے جرمانے کے بھی سزا سنائی اس کے علاوہ مفرور اشتہاری ملزم محمد طارق کی حد تک مقدمہ کو سردخانے میں رکھنے کی ہدایت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے