اپوزیشن خوش نما نعروں سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہیں، نور محمد دمڑ

کوئٹہ : صوبائی وزیرپی ایچ ای و واسا نور محمد دمڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں صوبائی حکومت نے ایسا بجٹ پیش کیا جس میں تمام اضلاع، حلقوں، اقوام اور قبائل کے عوام کی بنیادی ضروریات اور مسائل کو حل کرنے کے لئے اسکیمات شامل ہیں کوئٹہ میں پینے کے پانی مسئلہ گھمبیر ہے پرائیویٹ ٹینکر ز پر پابندی لگادیں تو بحران شدت اختیار کر جائیگا، یہ بات انہوں نے اتوار کو سکندر جمالی آڈیٹوریم کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر سابق صوبائی وزیر اسفندیار کاکڑ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔نور محمد دمڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی صلاحیتوں اور دن رات محنت کی وجہ سے صوبے کو عوام کی امنگوں کے عین مطابق بجٹ دیکھنے کو ملا ہے بجٹ میں تمام اضلاع، حلقوں کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے اسکیمات شامل ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے منشور کے تحت تمام علاقوں کو یکساں ترقیاتی منصوبے فراہم کئے گئے ہیں حکومت نے روزاول سے پسماندہ علاقوں کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں صوبے کی تاریخ میں ایسی مخلص اور ایماندار قیادت نہیں آئی بلوچستان کی عوام کو جام کمال خان کی قیادت پر فخر ہے انہوں نے کہا کہ پہلے صرف سیاسی بنیادوں پر اسکیمات بجٹ کا حصہ ہوتی تھیں جو تعمیر ہونے سے قبل ہی کرپشن کی نذر ہو جاتی تھیں موجودہ دور میں تمام منصوبوں پر زمین پر کام ہوتا نظر آرہا ہے انہوں نے کہا کہ ماضی کے تمام نام نہاد قوم پرست مذہب پرست صرف اور صرف کرسی کے لئے عوام کو استعمال کرتے تھے اپوزیشن جماعتوں وزیراعلیٰ جام کمال خان کے ترقی کے وژن اور قیادت سے خوفزدہ ہوکر غیر روایتی، غیر جمہوری اور غیر قانونی اقدامات پر اتر آئی ہیں اپوزیشن خوش نما نعروں سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہیں تاکہ اپنی کھوئی ہوئی ساکھ دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں یہ وہی جماعتیں ہیں جنہیں بلوچستان کی عوام نے مسترد کیا اور وزیراعلیٰ جام کمال خان کی قیادت کا انتخاب کیا گزشتہ روز اپوزیشن کے رویے پر ہر باشعور شخص کو افسوس ہوا اس واقعہ نے اپوزیشن کا حقیقی چہرہ بے نقاب کردیا ہے اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ بلوچستان سے محبت،اخلاص اور بلاتعصب اسکیمات کی تقسیم وزیراعلیٰ جام کمال سے سیکھیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پانی کا بحران اللہ کی طرف سے کوئٹہ سمیت بلوچستان میں پانی کی زیر زمین سطح گرتی جارہی ہے ہر گھر میں بور نگ کی گئی ہے پانی کا بے دریغ استعمال ہورہا ہے حکومت نے زیر زمین پانی کی سطح ری چارج کرنے کے منصوبے بنائے ہیں مانگی اور سرغلہ خلہ ڈیم پر کام جاری ہے انہوں نے کہا کہ واسا کوئٹہ کی دو تہائی آبادی کو پانی فراہم کر رہا ہے مگر بعض مقامات پر پانی کی لائینیں نہیں ہیں جہاں نجی واٹر سپلائی کے ذریعے پانی فراہم کیا جارہا ہے اگر انہیں بند کردیں تو پانی کا بحران مزید شدت اختیار کر لے گا ہماری کوشش ہے کہ پانی کا بحران ختم کریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے