حکومت خود اپنے لیے مسائل پیدا کر رہی ہے، مولانا عبدالغفور حیدری
اوستہ محمد:اوستہ محمد جمعیت علما اسلام کے مرکزی جنرل سیکر ٹری سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ بلوچستان اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے خلاف منفی ہتھکنڈوں کا استعمال کیا گیا اور 3دن تک شہباز شریف کو تقریر کرنے نہیں دیا گیا، حکومت کا کام ہوتا ہے ایسا ماحول بنائے کہ بدمزگی پیدا نہ ہو، عمرانی حکومت حالات سازگار بنانے کے بجائے بگاڑ دیتی ہے، اسمبلی کے گالم گلوچ کے اثرات بلوچستان تک پہنچے، بلوچستان میں بکتر بند گاڑی کے ذریعے اسمبلی کا مین گیٹ توڑتا ہے گیٹ کے سامنے کھڑے تین اراکین اسمبلی زخمی ہوئے کیا یہ جمہوریت ہے ان خیالات کا ٓظہار انہوں نے گزشت ہ روز میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی اسمبلی کے گیٹ کو بکتر گاڑی سے توڑنے اور اراکین اسمبلی کو زخمی کرنے سے قوم کو کیا پیغام دیا گیا، احتجاج اپوزیشن اراکین جمہوری حق ہے اور ان کا جائز مطالبہ ہے کہ ان کے تحفظات دور کئے جائیں لیکن پرامن احتجاج کرنے والوں پر بکتر بند گاڑی چڑھائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں تحاریک لا کر ان واقعات پر روشنی ڈالیں گے قومی اور بلوچستان اسمبلی میں ہونے والے واقعات کی مزمت کرتے ہیں۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنی آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے وفاقی حکومت کی طرف چل رہی ہے گزشتہ دنوں صوبائی حکومت نے حزب اختلاف کو کچلنے کے لئے تمام حربے استعمال کئے جو کہ تاریخ کے سیاہ باب میں درج ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت خود اپنے لیے مسائل پیدا کر رہی ہے جو کھڈا حزب اختلاف کے لئے کھودیا گیا ہے اس میں حکومت خود گرنے والی ہے حکومت نے اپنی تین سالہ دور اقتدار میں تین بوگس بجٹ پیش کر کے عوام کے لئے مہنگائی بے روزگاری کو عام کرنے کے سوا کچھ بھی نہیں دیاہے۔