وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال پر جوتا پھینکنے کی کوشش
کوئٹہ: اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بلوچستان اسمبلی کے باہر بجٹ 2021-2022 کے حلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہےاحتجاج کے باعث بدمزگی ہوئی جس کی وجہ سے دو اراکین اسمبلی کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔
بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن جماعتوں کے مشتعل کارکنان نے وزیراعلیٰ بلوچستان پر جوتا پھینکنے کی کوشش کی ہے۔
اس موقع پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی تو اپوزیشن جماعتوں کے کارکنان آپے سے باہر ہوگئے اور انہوں نے اہلکاروں سے مقابلہ کرنا شروع کردیا۔
اس موقع پر ہونے والی ہنگامہ آرائی اور پتھراؤ کے باعث بلوچستان اسمبلی کی عمارت کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ہیں۔
اسی اثنا میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی سخت سیکیورٹی میں آمد ہوئی اور وہ پولیس حصار میں اسمبلی احاطے میں داخل ہوئے۔
وزیراعلیٰ کو دیکھ کر اپوزیشن جماعتوں کے کارکنان نے جام کمال کی طرف بڑھنے کی کوشش کی اور اُن پر گملے اور جوتے پھینکے۔