حکومت نے مزدور کی آمدنی 20 ہزار روپے مقرر کر کے 700 ارب روپے کے ٹیکس لگائے :بلاول بھٹو
کراچی: بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان یہ نہ سمجھیں کہ پارلیمنٹ میں گالم گلوچ اور بدتمیزی کروا کر وہ بچ جائیں گے، ہر تین میں سے ایک بچے کے غذائی قلت کے شکار ملک میں عمران خان نے ڈیری مصنوعات پر 17 فیصد سیلز ٹیکس لگا دیا، عمران خان نے بجٹ میں مزدور کی آمدنی 20 ہزار روپے مقرر کر کے 700 ارب روپے کے ٹیکس لگائے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کے صرف ایک سال میں عام آدمی کی آمدنی میں 17 فیصد کی کمی اور کھانے پینے کی اشیاء کے خرچ میں 25 فیصد مہنگائی تبدیلی کا اصل چہرہ ہے، 40 فیصد غربت کے شکار ملک میں ڈیری مصنوعات پر 17 فیصد سیلز ٹیکس ہمارے بچوں کے قتل کے مترادف ہے، چائے کے ہر کپ کا مہنگا گھونٹ عمران خان کی تبدیلی کی وہ خوف ناک قیمت ہوگی جو پاکستان کے عوام نے ادا کرنا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بجٹ کے نتیجے میں آٹا، تیل اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کا ایک ایسا سونامی لائے گا کہ جس کے بعد عوامی ردعمل کو روکنا عمران خان کے بس میں نہ ہوگا، پی ٹی آئی حکومت غریب دشمن بجٹ کے حقائق کو عوام سے چھپانے کے لئے اپوزیشن کی آواز دبا رہی ہے۔