جام کمال ایک تاریخی اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے جارہے ہیں، عبدالکریم نوشیروانی

کوئٹہ :کوئٹہ بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے متحدہ اپوزیشن کے احتجاج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن ارکان ذاتی عناد اور ضد کو چھوڑ کر بلوچستان کے عوام کے بہتر مفاد میں مثبت فیصلہ کریں۔ وزیراعلیٰ جام کمال ایک تاریخی اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے جارہے ہیں اپوزیشن ارکان اس تاریخی اور عوام دوست بجٹ میں رخنہ نہ ڈالے۔ ملک کی بگڑتی معیشت اور صوبے کی پسماندگی کو مد نظر رکھتے ہوئے جام حکومت کے اس بجٹ کی بھرپور حمایت کرے ورنہ صوبے کی تاریخ میں ان کی اس ذاتی انا اور ضد کو اچھے الفاظ سے یاد نہیں کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کرنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہاکہ ملک میں جب بھی جمہوری پراسس آیا اور جمہوری ٹرین صحیح ٹریک پر چلنے لگی تو جمہوریت کے مخالفین نے گٹھ جوڑ کر اس کی ٹانگیں کھینچنے کا سلسلہ شروع کیا اور جمہوری نظام کو سٹاپ کیا جس سے اسمبلیاں ٹوٹیں اور مارشل لاء نافذ ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب ایک مرتبہ پھر جمہوری لوگوں نے اقتدار کی کرسی کی خاطر جمہوریت کیخلاف سازشیں شروع کردی ہیں جس کا نقصان اس ملک اور عوام کو ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ جام حکومت ایک مثبت عوام دوست اور تاریخی بجٹ پیش کرنے جارہی ہے جو کہ ماضی کے صوبائی بجٹوں کے مقابلے میں بہترین بجٹ ہے جس میں تمام شعبہ زندگی کو اہمیت دی گئی ہے لیکن اپوزیشن ارکان نے اسے ذاتی انا اور ضد کا مسئلہ بنا کر رکاوٹیں ڈالنا شروع کی ہیں جسے کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائیگا۔ اپوزیشن ارکان ہمارے دوست ہیں میری ان سے یہ گزارش ہے کہ وہ ملکی معیشت اور صوبے کی پسماندگی کومد نظر رکھتے ہوئے عوام کے بہتر مفاد میں جام حکومت کے اس تاریخی اور عوام دوست بجٹ کو سپورٹ کریں، ذاتی اسکیمات اور تجاویز کے بجائے عوامی مفاد عامہ اور اجتماعی اسکیمات و فنڈز کے لئے بات کریں ذاتی انا اور ضد کو چھوڑ دیں ورنہ باشعور عوام ان کا خود احتساب کریں گے کیونکہ عوام کو اچھے برے کی تمیز ہے انہیں علم ہے کہ احتجاج کس لئے ہورہا ہے اور حکومت عوام کے لئے کیا کچھ کررہی ہے یہ وہ دور ہے جس میں کچھ چھپ نہیں سکتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے